لاہور (نوائے وقت رپورٹ) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز کا مشن خوشحال پنجاب، روشن پنجاب اور ترقی کرتا پنجاب ہے۔ مریم نواز کا مقابلہ کرنا ہے تو کارکردگی میں کریں۔ زبان درازی،خیالی پلاؤ اور فلسفے جھاڑنے میں تحریک انصاف کا متبادل کوئی نہیں ہو سکتا۔ مریم نواز کی حکومت کی فکر کرنے کی بجائے انتشاری ٹولہ اپنی خیر منائے۔ حکومت اپنے پانچ سال پورا کرے گی اور پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر ڈالے گی۔ خیبر پی کے کے عوام کو 11 سال سے سونامی، تبدیلی اور نئے پاکستان کے نام پر جھانسے دئیے جا رہے ہیں۔ تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر اور روزگار تحریک انصاف کی کبھی ترجیح نہیں رہی۔ انتشاری ٹولے کی کارکردگی صرف پراپیگنڈا اور گالم گلوچ کرنا ہے۔ پاکستان میں 9 مئی کے فسادیوں اور دہشت گردوں کے لیے سیاست کے لیے کوئی جگہ نہیں۔ پاکستان انتشار، توڑ پھوڑ، گالم گلوچ اور افراتفری کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ علاوہ ازیں عظمٰی بخاری نے گوجرانوالہ یونین آف جرنلسٹس کی میزبانی میں جاری پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے تین روزہ ایگزیکٹو باڈی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ گوجرانوالہ میںہونے والے واقعہ کا مجھے ٹی وی سے علم ہوا جس کے بعد میں نے آئی جی پنجاب سے فوری طور پر رابطہ کیا جبکہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے بھی واقعے پر ناراضی کا اظہار کیا تھا‘ کل کے نا خوشگوار واقعہ پر میں آپ سے شرمندگی کا اظہار کرتی ہوں۔ ملک کے حالات بہت خراب اور کشیدہ ہیں، میں صحافی برادری کے حقوق کی آواز ہوں‘ ہم نے اپنی عقل اور سوچ کے مطابق ڈیفامیشن بل بنایا ہے جو کہ لاء کورٹ میں چیلنج ہو چکا ہے۔ ڈیفامیشن بل پر کورٹ جو بھی فیصلہ کرے گی دونوں فریقین کو قبول کرنا ہو گا۔ پوری دنیا میں اظہار رائے کا ایک طریقہ کار موجود ہے‘ ہم پیکا کے خلاف پہلے بھی تھے اور اب بھی ہیں۔ اجلاس میں آمد پر گوجرانوالہ یونین آف جرنلسٹس کے صدر میاں صبیع الرحمن، جنرل سیکرٹری شفقت عمران، سابق صدور گوجرانوالہ یونین آف جرنلسٹس و فیڈرل ایگزیکٹو ممبران پی ایف یو جے، راجہ حبیب، چوہدری یاسر علی جٹ اور دیگر یونین عہدیداروں نے صوبائی وزیر کا پرتپاک استقبال کیا، پی ایف یو جے کے صدر حافظ افضل بٹ، سیکرٹری جنرل پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس و صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری اور سیکرٹری نیشنل پریس کلب نیّر علی نے ایگزیکٹو باڈی اجلاس میں شرکت پر صوبائی وزیر اطلاعات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے میڈیا کو درپیش مسائل پیش کیے۔
زبان درازی، خیالی پلائو، فلسفے جھاڑنے میں تحریک انصاف کا متبادل نہیں: عظمیٰ بخاری
Jul 21, 2024