گنڈاپور کا فیصل کنڈی کو ایک ارب روپے ہرجانے کا نوٹس

 پشاور (بیورو رپورٹ +نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ خیبر پی کے کی جانب سے گورنر کو ہتک عزت کا قانونی نوٹس بھجوا دیا گیا۔ وزیراعلیٰ خیبر پی کے علی امین گنڈاپور نے اپنے وکیل کے ذریعے گورنر خیبر پی کے فیصل کریم کنڈی کو ہتک عزت کا قانونی نوٹس بھجوا دیا۔ علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ گورنر خیبر پی کے نے ٹی وی پروگرام میں یہ دعویٰ کیا تھا کہ ’’وزیراعلیٰ خیبر پی کے علی امین گنڈاپور نے ایپکس کمیٹی میٹنگ میں آپریشن عزم استحکام کے مسودے پر دستخط کیے تھے‘‘۔ وزیراعلیٰ خیبر پی کے علی امین گنڈاپور نے گورنر خیبر پی کے کے بے بنیاد الزامات کی بنا پر انہیں ہتک عزت کا نوٹس بھجوایا ہے، جس میں گورنر خیبر پی کے سے اپنا بیان واپس لیتے ہوئے سرعام معافی مانگنے کا کہا گیا ہے، بصورت دیگر کہا گیا ہے کہ وہ 1000 ملین جرمانہ ادا کرنے کے لیے تیار رہیں۔

ای پیپر دی نیشن