اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) اسسٹنٹ انسپکٹر جنرل آف پولیس آپریشنز/اسٹیبلشمنٹ عبدالحق عمرانی کی زیرِ صدارت نئی بھرتی کے حوالے سے اہم اجلاس کا انعقاد کیا گیا،اجلاس میں اسلام آباد پولیس کے افسران سمیت نیشنل پولیس فا?نڈیشن کے افسران نے شرکت کی،اجلاس میں اے آئی جی آپریشنز/اسٹیبلشمنٹ نے نئی بھرتی کے انتظامات کا جائزہ لیااور بھرتی کے سلسلے میں تمام سینٹرز کے انتظام و انصرام کے متعلق اہم فیصلے کئے ،اس موقع پر اے آئی جی آپریشنز/اسٹیبلشمنٹ نے کہا کہ بھرتی کے خواہش مند امیدواروں کی آسانی کے پیش نظر تمام صوبہ جات کے مختلف ڈویژنز میں بھرتی سنٹرز قائم کئے گئے ہیں،آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی ہدایات کی روشنی میں بھرتی کے عمل کو مکمل شفاف اور میرٹ پر مکمل کیا جائے گا،بھرتی کے لئے مطلوبہ معیار پر پورا اترنے والے امیدواروں کی درخواستوں کا جائزہ لیا جائے گا اور صرف اہل امیدواروں کو ٹیسٹ اور انٹرویوز کے لئے کال لیٹر جاری کئے جائیں گئے،انہوں نے مزید کہا کہ بھرتی کے عمل کو 100فیصد مکمل شفافیت اور میرٹ پر مکمل کیا جائے گا اور کسی قسم کی سفارش قابل قبول نہیں ہوگی۔