بیول ( نامہ نگار ) جمعیت علماء پاکستان کی مرکزی شوری کے رکن شیخ ماجد حبیب نے کہا ہے کہ عقیدہ ختم نبوت کا آئینی طور پر تحفظ قائد ملت اسلامیہ علامہ شاہ احمد نورانی صدیقی رحمتہ اللہ علیہ کا عظیم کارنامہ ہے جو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ 7 ستمبر 2024 کو یوم ختم نبوت گولڈن جوبلی کے طور پر منایا جائے گا ان خیالات کا اظہار شیخ ماجد حبیب نے جمعیت علماء پاکستان کے راہنما نورالمصطفی نورانی کی قیادت میں ملنے والے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا.وفد میں قاری غلام سرور الحسنی اور قاری سجاد حسین نورانی شامل تھے. شیخ ماجد حبیب نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت ہمارے ایمان کی بنیاد ,اور جان ہے اس لیے اس پر کسی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں انہوں نے کہا کہ مولانا شاہ احمد نورانی صدیقی اور انکے ساتھیوں بالخصوص مجاہد ملت مولانا عبدالستار خان نیازی مرحوم پروفیسر شاہ فریدالحق مرحوم پیر سید برکات احمد شاہ رحمتہ اللہ علیہ نے ملک گیر دورے کرکے عوام کو قادیانی فتنہ سے آگاہ کیا ان بزرگوں کی خدمات تاریخ کا سنہری باب ہیں.شیخ ماجد حبیب نے مزید کہا کہ ملک کو تمام مسائل سے نجات دلانے کا واحد حل نظام مصطفی کے نفاذ سے ممکن ہے پاکستان وسائل سے مالا مال ہے دیانت دار قیادت ہی ملک کو بہتر طریقہ سے آگے لے کر ترقی کی منازل طے کر سکتی ہے۔