راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے) سابق وزیر اعظم شہید بینظیربھٹو کی سابق پولیٹیکل سیکر ٹری محترمہ ناہید خان نے کہا کہ بنوں واقعہ دہشت گردوں کی طرف سے ہماری عظیم قوم کو لاحق خطرات اور خاص طور پر کے پی کے میں حالیہ حملوں کا تسلسل ہے پاکستانی ہونے کے ناطے ہمیں اپنے سیاسی اختلافات کو پس پشت ڈال کر دہشت گردی کے خلاف متحد ہونا چاہیے اور اپنے ملک کے لیے اپنے ذاتی مفادات کو پس پشت ڈال کر پاکستان کی خودمختاری ہماری ترجیح ہونی چاہیے اور اپنے ملک کو اندرونی اور بیرونی خطرات سے بچانے کے لیے پوری قوم کو متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ انہوںنے کہا کہ تمام پاکستانیوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہاتھ بٹائیں جس کیلئے ہمیں مضبوط اور متحد ہو کر اپنے شہدا ء کی قربانیوں کا احترام کرنا ہو گا پوری قوم مل کر دہشت گردی کو شکست دے سکتی ہے اور اپنی آنے والی نسلوں کے لیے ایک محفوظ، خوشحال مستقبل کو یقینی بنا سکتے ہیں ۔
قوم مل کر دہشت گردی کو شکست دے سکتی ہے، ناہید خان
Jul 21, 2024