بھارت کے فاسٹ بولر محمد شامی نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق کے بال ٹمپرنگ کے الزامات پر سخت ردعمل دکھاتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کارٹون گیری کہیں اور چل سکتی ہے اس طرح کا کارٹون نما رویہ افسوسناک ہے۔بھارتی میڈیا کو انٹرویو میں محمد شامی کا کہنا تھا کہ پاکستانی ہم سے کبھی خوش نہیں تھے اور نہ کبھی ہوں گے، پاکستان کے خلاف جو کارکردگی دکھائے گا اس بولر کو ٹارگٹ بنایا جائے گا۔شامی کا کہنا تھا انضمام الحق نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران بھارتی بولرز پر بال ٹمپرنگ کا الزام لگایا تھا، وہ پاکستانی عوام کو دھوکا دینا بند کریں، اگر چیمپئنز ٹرافی 2025کیلئے پاکستان گیا تو 3گیندیں ساتھ لے کر جاؤں گا اور انہیں (انضمام الحق) کو دکھاؤں گا کہ ان میں کوئی ڈیوائسز نہیں ہے اور 20 لوگوں کے سامنے گیندوں کو دو ٹکڑے کروں گا۔ان کا کہنا تھا مجھ پر2023 کے ون ڈے ورلڈکپ کے دوران گیند میں ڈیوائس لگانے کا الزام لگایا گیا، کیا عجیب بچوں والی باتیں کر رہے ہیں، انضی بھائی کا بہت احترام کرتا ہوں لیکن ایسے بیانات کی اُن سے توقع نہیں کرتا، پاکستانی بولرز نے ہی ریورس سوئنگ کا جادو پوری دنیا کو سکھایا اور اب ایسے الزامات لگا رہے ہیں، انضمام بھائی کو ماضی میں اپنے بولرز کی جانب سے گیند سے چھیڑ چھاڑ کرنے کے واقعات کو یاد رکھنا چاہیے۔بھارتی فاسٹ بولر کا کہنا تھا بال میں ڈیوائس لگا کر سوئنگ کروانے کا بیان انتہائی عجیب ہے، لوگوں کو بیوقوف بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے، مان لیں کے ڈیوائس لگا کر گیند کرا دی اور بٹن الٹا دب گیا تو پھر کیا ہو گا، انضمام الحق ریورس سوئنگ کے آرٹ کو متعارف کروانے والے لوگوں میں شمار ہوتے ہیں۔خیال رہے کہ انضمام الحق نے الزام عائد کیا تھا کہ آسٹریلیا کے خلاف میچ میں ارشدیپ سنگھ 15ویں اوور میں گیند ریورس کر رہے ہیں تو اس کا مطلب صاف ہے کہ بال کے ساتھ چھیڑ خانی کی گئی تھی۔
انضمام کے ٹیمپرنگ کے الزامات، شامی کا چیمپئنز ٹرافی میں گیندیں پاکستان لانے کا اعلان
Jul 21, 2024 | 14:01