دبئی میں جاری ہونیوالی ویڈیو میں القاعدہ کے ترجمان آدم گداہن نے کہا ہے کہ امریکہ فوری طور پر مسلمان ملکوں میں قائم کیے گئے فوجی اڈے بھی ختم کرے ۔ القاعدہ ترجمان نے امریکہ اور دیگر مغربی ممالک کی جانب سے گرفتار کئے جانیوالے تمام مسلمان قیدی بھی جلد از جلد رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ مسلمانوں ممالک میں امریکی افواج کی موجودگی تک القاعدہ کی جدوجہد جاری رہے گی اس لیے اگرامریکی صدر مسلمانوں کے ساتھ تعلقات بہتر بنانا چاہتے ہیں تو فوری طور پرافغانستان، عراق اور دیگرمسلمان ملکوں سے فوجیں واپس بلا لیں۔ آدم گداہن نے مزید کہا ہے کہ امریکہ ، اسرائیل کی اخلاقی اور فوجی امداد بھی بند کرے ۔ واضح رہے کہ آدم گداہن امریکی شہری ہیں اور امریکی حکومت نے ان کی گرفتاری میں مدد دینے والے کےلیے دس لاکھ ڈالر انعام کا اعلان کررکھا ہے۔