لاہورہائیکورٹ میں صدرکے دو عہدوں کے خلاف دائردرخواست کی سماعت کے دوران وفاق کے وکلا نے بائیکاٹ کردیا ، کیس کی مزید سماعت سات جولائی تک کیلئے ملتوی کر دی گئی ۔

لاہورہائیکورٹ میں کیس کی سماعت جسٹس اعجازاحمد چوہدری کی سربراہی میں قائم فل بینچ نے کی ۔ فل بینچ کے روبرو ایک روز قبل وفاق کی جانب سے ایک متفرق درخواست دائر کی گئی تھی جس میں موقف اختیار کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ وفاق کے وکلا کو بھی دلائل پیش کرنے کی  مہلت دی جائے۔ اس سے پہلے اس کیس میں وفاق کو دلائل پیش کرنے کی مہلت نہیں دی گئی تھی ۔ آج دوران سماعت فل بینچ نے وفاق کی جانب سے دائر کی جانے والی متفرق درخواست مسترد کردی جس پر وفاق کی طرف سے پیش ہونے والے وکیل طالب رضوی عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کرتے ہوئے کمرہ عدالت سے باہرآ گئے۔ بعد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ان کے دلائل نہیں سنے جا رہے لہٰذا وہ عدالت میں پیش نہیں ہوں گے تاہم عدالت جو بھی فیصلہ دے گی وہ وفاق کو منظور ہو گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کیس کا فیصلہ آنے کے بعد طے  کیا جائے گا کہ اس کے خلاف اپیل کی جائے یا نہیں ۔ دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ کے فل بینچ نے صدر کے دو عہدوں کے خلاف درخواست کی سماعت سات جولائی تک ملتوی کرتے ہوئے اٹارنی جنرل کو عدالتی معاونت کیلئے طلب کر لیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن