لاہور (سپورٹس رپورٹر) انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے پاکستان میں قائم غیرقانونی عبوری پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی جانب سے اولمپک لوگوز کو استعمال کرنے سے سختی سے روک دیا ہے۔ آئی او سی ڈائریکٹر آف لیگل افیئرز کے ہاورڈ ایم سٹوپ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اولمپک پراپرٹیز کا استعمال صرف اور صرف آئی او سی سے الحاق رکھنے والی باڈی کو حاصل ہے اور کوئی دوسری باڈی ان لوگوز کو استعمال میں نہیں لا سکتی جو انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے ساتھ الحاق نہیں رکھتے ہیں۔ پاکستان میں نیشنل اولمپک کمیٹی صرف اور صرف لیفٹیننٹ جنرل (ر) عارف حسن کی زیر صدارت کام کرنے والی ہے جسے ہم تسلیم کرتے ہیں۔ غیر قانونی عبوری پاکستان اولمپک ایسوسی ایشنز فوری طور پر آئی او سی کی ملکیت رکھنے والے لوگوز کا استعمال بند کر دے کیونکہ انکا یہ عمل آئی او سی اور پی او اے کے معاملات میں براہ راست مداخلت ہے۔ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی اس تمام صورتحال میں پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن سے درخواست کرتی ہے کہ وہ تمام معاملے کا ازخود نوٹس لے ۔ آئی او سی ڈائریکٹر لیگل افیئرز کا کہنا تھا کہ امید کی جاتی ہے کہ پاکستان اولمپک ایسوسی معاملے کو حل کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔