وزارت داخلہ کے تحت اداروں میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا فیصلہ

اسلام آباد (محمد نواز رضا/وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وفاقی وزارت داخلہ کے تحت اداروں میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں لانے کا اصولی فیصلہ کرلیاگیا ہے۔ اس فیصلہ پر مرحلہ وار عملدرآمد کیا جائیگا۔ سابق دور حکومت کی ”گندی مچھلیوں“ سے تالاب کو صاف کردیا جائیگا۔ وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے دارالحکومت اسلام آباد کو ماڈل سٹی بنانے کیلئے عملاً فیڈرل ایریا کے سربراہ کے اختیارات حاصل کرلئے ہیں۔ سی ڈی اے جو کینٹ ڈویژن کا ماتحت ادارہ ہے یہ ادارہ دوبارہ وزارت داخلہ کے تحت کیا جارہا ہے اس سلسلے میں آئندہ چند دنوں میں سی ڈی اے‘ وزارت داخلہ کے تحت کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جائیگا جب نوائے وقت نے چودھری نثار علی سے استفسار کیا کہ کیا سی ڈی اے وزارت داخلہ کے تحت آگیا ہے تو وہ مسکرا دئیے اور کوئی واضح جواب دینے سے گریز کیا۔ ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ نے ایف آئی اے میں ڈیپوٹیشن پر آئے ہوئے تمام افسروں کو ان کے محکموں میں واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزارت داخلہ کے تحت اداروں میں آئندہ چند دنوں میں آپریشن کلین اپ شروع کیا جارہا ہے۔ سی ڈی اے میں بھی بدعنوان افسروں کیخلاف کارروائی کی جائیگی۔ ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے سندھ میں ٹارگٹ کلنگ کا سخت نوٹس لیا ہے اس سلسلے میں وفاقی حکومت فوری طور پر کوئی کارروائی نہیں کریگی۔ سندھ حکومت کو اصلاح احوال کے لئے ایک ماہ کی مہلت دی جائیگی۔ حکومت سندھ کو فری ہینڈ دے گی۔چودھری نثار علی خان آئندہ ہفتے سندھ کا دورہ کریں گے جہاں وہ گورنر وزیراعلی سندھ سے امن و امان کی صورت حال پر تبادلہ خیال کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن