لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے گیس کی قیمتوں میں مجوزہ اضافہ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس سے صنعتی شعبے کی مشکلات میں اضافہ ہوگا اور پیداواری لاگت بڑھنے پاکستانی مصنوعات مقابلے کی دوڑ سے باہر ہوجائیں گی۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر اعجاز اے ممتاز نے حکومت پر زور دیا کہ وہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) میں نجی شعبے کی نمائندگی یقینی بنائی جائے تاکہ تمام فیصلے زمینی حقائق کو مد نظر رکھ کر کیے جاسکیں۔ لاہور چیمبر کے سابق صدر اور ایل پی جی ایسوسی ایشن کے چیئرمین فاروق افتخار نے کہا کہ ایس ایس جی سی نے ایل پی جی کی قیمتوں میں تقریباً پانچ ہزار روپے ٹن کا اضافہ کرکے عوام پر بم گرادیا ۔ انہوں نے کہا کہ رمضان کے پیش نظر صارفین ریلیف کی توقع کررہے تھے مگر ایس ایس جی سی نے اس کے بالکل الٹ قدم اٹھایا۔ انہوں نے سوئی سدرن گیس کمپنی سے مطالبہ کیا کہ وہ صارفین کے وسیع تر مفاد میں ایل پی جی کی قیمت بڑھانے کا فیصلہ واپس لے۔
”گیس کی قیمتوں میں مجوزہ اضافے کا فیصلہ واپس لیا جائے “
Jun 21, 2015