کراچی (سٹاف رپورٹر) جماعۃ الدعوۃ پاکستان کے امیر پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ مسلمانوں کو دہشت گرد کہنے والے اب خود کراس بارڈر ٹیررازم کا اعتراف کر رہے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں لہراتے پاکستانی پرچموں نے پروپیگنڈہ کرنے والوں کو ناکام کردیا۔ بھارت بدترین مظالم کے باوجود کشمیریوں کو اپنی منزل سے پیچھے ہٹانے میں ناکام رہا۔ امریکہ و بھارت چاہتے ہیں کہ مسلمان ان کے غلام بن کر رہے۔ یورپی یونین بن سکتی ہے تو اسلامی یونین کیوں نہیں۔ اکنامک کوریڈور سے خلیجی ریاستیں بھی پاکستان سے منسلک ہوجائیں گی۔ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو برما میں مظالم نظر نہیں آتے۔ برمی مسلمانوں کو اپنے پائوں پر کھڑے کئے بغیر مسائل حل نہیں ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی کے مقامی ہوٹل میں صحافیوں کے اعزاز میں دئیے گئے افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ جماعۃ الدعوۃ کراچی کے مسئول ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی اور فلاح انسانیت فائونڈیشن کراچی کے انچارج شاہد محمود بھی موجود تھے۔ پروگرام میں پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا سے وابستہ صحافیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا کہ گزشتہ بیس سال سے برما میں مسلمانوں پر مسلسل مظالم ڈھائے جا رہے ہیں۔ برما کی حکومت اور شدت پسند مذہبی گروہ مسلمانوں کو برداشت کرنے پر تیار نہیں ہے۔ حافظ محمد سعید نے کہا کہ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو یہ سب مظالم نظر کیوں نہیں آتے؟ کشمیریوں پر بھی اندوہناک مظالم کے باوجود عالمی برادری مجرمانہ خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ حریت رہنمائوں کی حراست سے کشمیریوں کی آواز دبائی نہیں جا سکتی۔ مقبوضہ کشمیر میں پاکستانی پرچم لہرانے سے دنیا پر کشمیریوں کی خواہش بخوبی ظاہر ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں مسلمانوں کا اتحاد ناگزیر ہو چکا ہے۔ جماعۃ الدعوۃ مظلوم برمی مسلمانوں کی بھرپور امداد کر رہی ہے لیکن برمی مسلمانوں کو اپنے پائوں پر کھڑے کئے بغیر یہ مسائل حل نہیں ہوں گے۔