ذخیرہ اندوزی اور ملاوٹ مافیا کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا: پیراشرف رسول

Jun 21, 2015

فیروز والا (نامہ نگار) مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور رکن پنجاب اسمبلی پیرمحمد اشرف رسول نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے رمضان المبارک میں عوام کو روز مرہ کی اشیاء خورد و نوش کی کمی قیمتوں پر فراہمی کے لئے سبسڈی دی ہے۔ جس پر پوری قوت سے عملدرآمد کرایا جا رہا ہے۔ ذخیرہ اندوزوں اور ملاوٹ مافیا کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ سستے رمضان بازاروں میں اعلیٰ کوالٹی اور سستی اشیائے ضروریہ فروخت کی جا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار سستے رمضان بازاروں کوٹ عبدالمالک اور امامیہ کالونی کے دورہ کے دوران کیا۔ ان کے ہمراہ اسسٹنٹ کمشنر فیروز والا رانا محمد شکیل اسلم، سپیشل مجسٹریٹ اور تاجروں کے نمائندے بھی ہمراہ تھے۔ ایم پی اے پیراشرف رسول نے کہا کہ حکومت عوام کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر مہیا کرنے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔ سستے بازاروں میں لگائے گئے سٹالوں میں اشیاء کے معیار اور کوالٹی کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے تاجروں پر زور دیا کہ وہ ماہ مقدس میں اللہ تعالیٰ کی رحمتوں کو سمیٹنے کے لئے جائز منافع کو اپنا شعار بنائیں۔

مزیدخبریں