بینظیر بھٹو کی سالگرہ آج منائی جائیگی بعض جاہلوں کی جانب سے مذہب کے نام پر خواتین پر تشدد مسترد کرتے ہیں، زرداری کا پیغام

Jun 21, 2016

لاہور+ کراچی (خبر نگار+ آن لائن) پاکستان پیپلزپارٹی کی شہید چیئرپرسن محترمہ بے نظیر بھٹو کی 63 ویں سالگرہ آج 21 جون کو منائی جائیگی جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی نے سابق وزیرِاعظم ، پیپلز پارٹی کی سابق چیئرپرسن بینظیر بھٹو کی سالگرہ رمضان المبارک کی وجہ سے نہایت عقیدت و احترام سے خون عطیہ کرکے منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے پیپلز پارٹی پنجاب آفس 158-Cماڈل ٹائون لاہور میں آج بعد افطاری 8:00بجے( شب) خون عطیہ کرنے کیلئے کیمپ لگایا جائے گا جہاں بینظیر بھٹو کو ایصالِ ثواب کے لئے خون کے عطیات جمع کئے جائیں گے جہاں جیالے خون کے عطیات دینگے۔ سُندس فائونڈیشن کی مدد سے حاصل کئے گئے خون کے یہ عطیات تھیلیسمیا میں مبتلا بچوں کے لئے سنُدس فائونڈیشن کو عطیہ کر دئیے جائیں گے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے پیپلز پارٹی کی شہید قائد اور سابق وزیر اعظم شہید بینظیر بھٹوکی 63 ویں سالگرہ کے موقعہ پر اپنے پیغام میں کہا ہے شہید جمہوریت بینظیر بھٹو نے عوام کے حقوق کی بحالی اور معاشی و اقتصادی ترقی کیلئے اور پاکستان میں جمہوریت کے قیام، جمہوری اداروں کی بحالی، عدلیہ کے استحکام کیلئے اور خواتین کے حقوق کیلئے انتھک جدوجہد کی۔وہ ہمیشہ پاکستان کی سلامتی اور ترقی و خوشحالی اور غریب عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کوشاں رہتی تھیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا شہید بینظیر بھٹو نے ملک اور قوم کیلئے اپنی خدمات، جدوجہد، پروگرام، پالیسیوں اور عوام سے محبت کے جذبے کی وجہ سے دنیا کی تاریخ میں ہمیشہ زندہ وجاویدرہیں گی اور انکے اصول ہمارے لیئے مشعل راہ رہیں گے۔ پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے سربراہ سابق صدر آصف علی زرداری نے بینظیر بھٹو کی 63ویں سالگرہ کے موقع پر عوام کو خبردار کیا ہے کہ خواتین کے حقوق پر باقاعدہ طریقے سے حملہ ہو رہا ہے ،عوام خواتین کے خلاف اس ذہنیت سے لڑنے کے لئے تیار رہیں،کچھ جاہلوں کی جانب سے مذہب کے نام پر خواتین پر تشدد کو قطعی طور پر مسترد کرتے ہیں ،عوام محترمہ بینظیر بھٹو کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے عسکریت پسندوں اور انتہاپسندوں کے سامنے کھڑے ہو جائیں اور طاقت کے زور پر انہیں ان کی آئیڈیالوجی عوام پر مسلط کرنے کی اجازت نہ دیں،پیپلز پارٹی عسکریت پسندوں کے خلاف جنگ جاری رکھے گی ،جمہوریت دشمن اور اسٹیٹس کو کی قوتوں سے لڑ کر جمہوریت کو مستحکم کرینگے ،پیپلزپارٹی غربت ختم کرکے دم لے گی۔مسلم دنیا کی پہلی براہِ راست منتخب ہونے والی خاتون وزیراعظم کی سالگرہ کے موقع پر یہ بات انتہائی تشویشناک ہے کہ مذہب کے نام پر خواتین کو دبایا جا رہا ہے اور کچھ لوگ توخواتین کے خلاف تشدد کی ترغیب دے رہے ہیں۔ پاکستان پیپلزپارٹی اس کی مذمت کرتی ہے پارٹی عہد کرتی ہے کہ اس قسم کے ذہن رکھنے والوں سے آخری وقت تک لڑتی رہے گی۔عوام شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے عسکریت پسندوں اور انتہاپسندوں کے سامنے کھڑے ہو جائیں طاقت کے زور پر انہیں ان کی آئیڈیالوجی عوام پر مسلط کرنے کی اجازت نہ دیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ہمیں ہر صورت میں آئین اور جمہوری اداروں کی حفاظت کرنی ہے۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے لیاقت باغ راولپنڈی میں آخری الفاظ یاد دلاتے ہوئے سابق صدر زرداری نے کہا کہ عوام کو انتہاپسندی اور ڈکٹیٹرشپ کے خلاف کھڑے ہوجانا چاہیے اور غربت اور جہالت کا خاتمہ بھی کرنا چاہیے۔ یہی وہ الفاظ ہیں جو پاکستان کو ایک ماڈرن اور ہمہ جہت ریاست بنانے کیلئے روڈ میپ کا کام دیتے ہیں۔ عسکریت پسندوں کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔

مزیدخبریں