لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ خلق خدا کی خدمت ایک عبادت سے کم نہیں اور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال شیخوپورہ کے کنسلٹنٹ فزیشن ڈاکر عدنان قیصر نے مریضوں کے علاج کیلئے صحیح معنوں میں مسیحا بن کر قابل تقلید مثال قائم کی ہے جس پر میں انہیں اپنی اور پنجاب حکومت کی طرف سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ وزیراعلیٰ نے ڈاکٹر عدنان قیصر ملک کو 5 لاکھ روپے نقد انعام دینے کا اعلان کیا اور تعریفی سند بھی دی۔ وہ آج ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس میں ہسپتالوں میں علاج معالجہ کی سہولتوں کو بہتر بنانے‘ خصوصاً ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال شیخوپورہ کے دورے کے حوالے سے سامنے آنیوالے امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہسپتال کو مریضوں کیلئے حقیقی معنوں میں شفاخانے بنانے کیلئے ملکر مشترکہ اقدامات کرنا ہیں۔ سرکاری ہسپتالوں میں آنیوالے مریض بھی انسان ہیں۔ ان کیلئے اے سی درست حالت میں ہونے چاہئیں۔ افسر تو ٹھنڈے کمرے میں بیٹھیں اور قیامت خیز گرمی میں مریضوں کیلئے اے سی نہ چلیں‘ یہ مجھے کسی صورت قابل قبول نہیں۔ صحت عامہ کی سہولتوں کی بہتری کیلئے اربوں روپے کے وسائل فراہم کئے گئے ہیں۔ ان کا ضیاع کسی صورت برداشت نہیں کرونگا۔ وزیراعلیٰ نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال شیخوپورہ میں ایک دوائی کی عدم دستیابی کے معاملے کی انکوائری کرانے کا بھی حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں اللہ تعالیٰ اور عوام کو جوابدہ ہوں۔ شہبازشریف سے چین کے قونصل جنرل یوبورن کی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور‘ پاک چین تعلقات کے فروغ‘ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے اور سی پیک کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ چینی قونصل جنرل نے وزیراعظم محمد نوازشریف کی صحت یابی پر وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کو مبارکباد دی اور وزیراعظم نوازشریف کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ سے وفاقی وزیر دفاعی پیدوار رانا تنویر حسین اور ایم این اے اعجاز الحق نے الگ الگ ملاقات کی۔ علاوہ ازیں شہبازشریف کی زیرصدارت پینے کے صاف پانی پروگرام کے حوالے سے اجلاس میں ترک سرمایہ کاروں نے خصوصی طورپر شرکت کی اور صاف پانی پروگرام میں دلچسپی کا اظہار کیا۔