لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے عید کے بعد کرپشن کے خلاف راولپنڈی میں پید ل مارچ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے پہلے کہ حکمرانوں کے نام کے ساتھ سابقہ آئے، انہیں توبہ کرلینی چاہئے اور اپنے آپ کو احتساب کے لیے پیش کردینا چاہیے۔ ہم نے حکومت کو بہت وقت دیا کہ وہ کرپشن کے خاتمہ کیلئے کوئی سنجیدہ لائحہ عمل بنائے مگر حکومت اور اپوزیشن میں بیٹھے ہوئے کچھ عناصر نے پانامہ لیکس کے معاملے کو رات گئی بات گئی والا معاملہ بنانے کی کوشش کی۔ حکومت چاہتی ہے کہ وزیر اعظم کا احتساب نہ ہو، اپوزیشن کے کچھ لوگ چاہتے ہیں کہ صرف وزیراعظم کا احتساب ہو اور ان کو کوئی پوچھنے والا نہ ہو لیکن ہم اس معاملے کو گرد و غبار میں اڑنے نہیں دیں گے۔ ہم چاہتے ہیں کہ وزیر اعظم سمیت سب کا احتساب ہو۔ سپریم کورٹ معمولی معاملات کا تو ازخود نوٹس لے لیتی ہے مگر قوم کے کھربوں روپے ڈکارنے والوں کے خلاف کوئی ایکشن لینے کو تیار نہیں۔ نیب کو اربوں لوٹنے والوں سے چند لاکھ لے کر چھوڑنے کا کوئی اختیار نہیں۔ چیئرمین نیب کی تقرری کا اختیار حکومت اور اپوزیشن کے چیئرمین کی بجائے چیف جسٹس آف پاکستان اور پانچوں ہائی کورٹس کے چیف جسٹس صاحبان کو دیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیکرٹری جنرل لیا قت بلوچ ودیگر کے ہمراہ منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ قوم حکومت کو احتساب سے بھاگنے نہیں دے گی۔ حکمرانوں کے اندر اخلاقی جرا¿ت ہوتی تو اب تک احتساب کمیشن بن چکا ہوتا لیکن ٹی او آرز بنانے والی پارلیمانی کمیٹی کے 9اجلاسوں کی ناکامی کے بعد ثابت ہوگیا ہے کہ حکومت کمیشن بنانے اور خود کو احتساب کیلئے پیش کرنے کو تیار ہے نہ موجودہ سٹیٹس کو کا نظام کرپشن کے خلاف کوئی موثر کارروائی ہونے دے گا۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے بھی حکومت کے خط کے جواب میں محض ایک خط لکھ کر خود کو بری الذمہ قرار دے لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کے اندر ایک مایوسی اور بے چینی ہے، بے روز گار نوجوان اپنے مستقبل سے مایوس نظر آتے ہیں۔ ہم ان لٹیروں کو وارننگ دیتے ہیں کہ وہ لوٹ کھسوٹ سے توبہ کرلیں اور قومی دولت واپس لوٹا دیں ورنہ عوام ان کے عالی شان محلوںکا محاصرہ کریں گے۔ سراج الحق عمرہ کے لئے سعودی عرب روانہ ہو گئے وہ وہاں روضہ رسول پر بھی حاضری دیں گے اور عید کے بعد وطن واپس آئیں گے۔ انکی عدم موجودگی کے دوران لیاقت بلوچ قائم مقام امیر جماعت اسلامی ہوں گے۔ انہوں نے منصورہ میں سادہ تقریب کے دوران حلف اٹھا کر ذمہ داریاں سنبھال لیں۔
سراج الحق
پنڈی میں ”پیدل مارچ“ کا اعلان، حکومت کو احتساب سے بھاگنے نہیں دینگے: سراج الحق
Jun 21, 2016