آزادکشمیر کے علاقے بھمبر کے قریب برنالا ہائی اسکول گراؤنڈ میں منعقدہ محترمہ بےنظیر بھٹو کی تریسٹھ ویں سالگرہ کی مرکزی تقریب سے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری خطاب کریں گے اور کیک کاٹیں گے. سالگرہ تقریب سے پیپلزپارٹی خواتین ونگ کی صدر فریال تالپور، صدر آزاد کشمیر سردار یعقوب خان، وزیراعظم آزادکشمیر چودھری عبدالمجید اور دیگر مرکزی رہنما بھی خطاب کریں گے. اس موقع پر آزادکشمیر کے وزیر ہاؤسنگ وفزیکل پلاننگ چودھری پرویزاشرف کی جانب سے بلاول بھٹو زرداری کے اعزاز میں افطار ڈنر کا اہتمام بھی کیا گیا ہے.
کراچی میں بھی محترمہ بینظیر بھٹو کی سالگرہ کے موقع پر مختلف تقاریب سجائی جائیں گی. محترمہ کی تریسٹھ ویں سالگرہ کے موقع پر وزیراعلٰی سندھ سید قائم علی شاہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ شہید جمہوریت محترمہ بینظیربھٹو نے عوام کے حقوق کی بحالی، معاشی واقتصادی ترقی، پاکستان میں جمہوریت کے قیام، جمہوری اداروں کی بحالی، عدلیہ کے استحکام کیلئے اور خواتین کے حقوق کیلئے انتھک جدوجہد کی. وہ عمر بھر پاکستان کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور غریب عوام کی فلاح وبہبود کیلئے کوشاں رہیں. انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو ملک وقوم کی خدمت اور عوام سے محبت کے جذبے کی وجہ سے ہمیشہ زندہ وجاوید رہیں گی اور انکے اصول ہمارے لیئے مشعل راہ رہیں گے ۔