لاہور ( پ ر+صباح نیوز) جنرل منیجر نوائے وقت گروپ مجاہد حسین سید، سابق معاون خصوصی وزیراعلی پنجاب، اٹارنی بار ایٹ لاء سپریم کورٹ واشنگٹن ڈی سی سید مواحد حسین شاہ، چیئرمین ڈیفنس کمیٹی اینڈ چیئرمین سی پیک پارلیمنٹری کمیٹی سینیٹر مشاہد حسین سید، کنٹری ڈائریکٹر ورلڈ بنک ٹو واشنگٹن ڈی سی تحسین سید کے والد اور بانی نوائے وقت حمید نظامی مرحوم معمار نوائے وقت مجید نظامی مرحوم کے دیرینہ رفیق تحریک پاکستان کے ممتاز رہنما اور گولڈ میڈلسٹ کرنل (ر) امجد حسین سید جو گزشتہ روز قضائے الٰہی سے انتقال کر گئے تھے، ان کی نماز جنازہ آج 21 جون بروز بدھ دوپہر 2 بجے انکی رہائش گاہ 111 سی نیو مسلم ٹائون لاہور میں ادا کی جائیگی۔ بعدازاں مرحوم کو انکے آبائی قبرستان شاہ جمال میں سپرد خاک کر دیا جائیگا۔ مرحوم کے انتقال کی اطلاع ملتے ہی سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیات نے ان کے گھر 111 سی نیو مسلم ٹائون جا کر مرحوم کے بیٹوں اور دیگر سوگواروں سے تعزیت کی جن میں منیجنگ ڈائریکٹر نوائے وقت گروپ رمیزہ مجید نظامی، ق لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین، جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ، سابق سینیٹر اور ممتاز قانون دان ایس ایم ظفر سمیت کئی افراد شامل ہیں۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور ڈپٹی سپیکر مرتضی جاوید عباسی نے سینیٹر مشاہد حسین سید سے ان کے والد امجد حسین سید کے انتقال پر تعزیت کی، اپنے علیحدہ علیحدہ تعزیتی پیغامات میں مرحوم کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندان کے دیگر افراد کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کیلئے صبر جمیل عطا کرنے کی دعا کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے تحریک پاکستان کے ممتاز رہنما گولڈ میڈلسٹ کرنل (ر) امجد حسین کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے کرنل (ر) امجد حسین کی تحریک پاکستان میں خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن پنجاب کے بانی رہنمائوں میں سے تھے، انہوں نے علیحدہ وطن کے حصول کیلئے کی جانے والی جدوجہد میں نمایاں حصہ لیا۔ مرحوم امجد حسین کی قیام پاکستان اور نظریہ پاکستان کے فروغ کیلئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔ وزیراعلیٰ نے اپنے تعزیتی پیغام میں سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔