لندن(نمائندہ سپورٹس)اہر دو سال بعد ٹی ٹونٹی ورلڈ کے انعقاد کو یقینی بنانے کے باعث چیمپئنز ٹرافی کے ایونٹ کو ختم کرنے بارے غور کیا جارہا ہے ۔ آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن کا کہنا ہے کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے ہر دو سال بعد انعقاد کو یقینی بنانے کےلئے ممکن ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کو ختم کردیا جائے۔ ماہرین کا یہ بھی خیال ہے کہ 8 ٹیموں پر مشتمل چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ آئی سی سی کے 50 اوور کے ورلڈ کپ ٹورنامنٹ سے بہت زیادہ مماثلت رکھتا ہے کیونکہ آئی سی سی نے ورلڈ کپ کو 10 ٹیموں کی شرکت تک محدود کردیا ہے اور 2019 میں انگلینڈ میں ہونےوالے میگا ایونٹ میں 10 ٹاپ ٹیمیں ہی حصہ لیں گی۔ چیمپیئنز ٹرافی کو جاری رکھنے کی اب کوئی وجہ نظر نہیں آتی، مستقبل میں ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں ٹیموں کی تعداد 20 تک بڑھ سکتی ہے۔ فی الحال شیڈول کے حساب سے 2021 میں چیمپئنز ٹرافی کا انعقاد بھارت میں ہی ہونا طے ہے۔انگلینڈ میں رواں ہفتے ہونے والے آئی سی سی کے سالانہ اجلاس میں آئرلینڈ اور افغانستان کو ٹیسٹ سٹیٹس دینے یا نہ دینے کا بھی فیصلہ کیا جائے گا جس کا اعلان جمعرات تک متوقع ہے۔