لاہور (خصوصی رپورٹر) نگران وزیراعلیٰ حسن عسکری نے کہا ہے کہ انتخابات کا پرامن، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انعقاد نگران حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ عوام کو آزادانہ ماحول میں اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کا پورا موقع دیں گے۔ امن معاشی اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کیلئے بھی ضروری ہے اور سرمایہ کاری کے فروغ اور روزگار کے مواقع بڑھانے کیلئے بھی امن ناگزیر ہے۔ نگران حکومت امن عامہ کی صورتحال کی بہتری کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی۔ صوبے بھر میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر سے بہتر بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں اور انتخابات کے دوران ووٹرز کو پرامن ماحول کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے لائحہ عمل طے کر لیا گیا ہے۔ شہریوں کو حق رائے دہی استعمال کرنے کیلئے پرامن فضا قائم رکھنا حکومت کی ذمہ داری ہے اور نگران حکومت اپنی یہ ذمہ داری بطریق احسن نبھائے گی۔ انتخابات کے پرامن اور شفاف انعقاد کیلئے الیکشن کمیشن کے فریم ورک کے مطابق تمام ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ پولنگ کے دوران ایسا سازگار ماحول یقینی بنایا جائے گا کہ ووٹرز بلاخوف و خطر اپنا حق رائے دہی استعمال کرسکیں۔ معاشرے میں مذہبی رواداری، تحمل، اخوت اور برداشت کے جذبات کو فروغ دینے کیلئے سب کو کردار ادا کرنا ہے۔ الیکشن کے دوران امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کیلئے طے کردہ لائحہ عمل پر پوری طرح عملدرآمد کیا جائے گا۔ پرامن، شفاف اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کی ذمہ داری نبھائیں گے۔ حسن عسکری نے معروف ادیبہ و ناول نگار بشریٰ رحمن کے شوہر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
حسن عسکری