شجاعت بخاری قتل کیخلاف بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے کشمیری صحافیوں کا احتجاجی مظاہرہ

اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ)مقبوضہ کشمیر میں صحافی شجاعت بخاری کے قتل کے خلاف آج اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے کشمیری صحافیوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا، سنٹرل پریس کلب کے زیر اہتمام منعقدہ اس احتجاجی مظاہرے اور ریلی میں آزادکشمیر بھر کے صحافیوں سمیت جڑواں شہروں میں کام کرنے والے صحافیوں کی ایک بڑی تعداد شریک رہی۔احتجاجی مظاہرے میں آزادکشمیر میں قائد حزب اختلاف چوہدری محمد یٰسین ، پاکستان پیپلز پارٹی کے صدر چوہدری لطیف اکبر، وزیر حکومت احمد رضا قادری، سابق وزیر چوہدری مطلوب انقلابی ،یٰسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک، سابق مشیر حکومت مرتضیٰ درانی سمیت اہم افراد یکجہتی کے طور پر شریک رہے۔شرکائے ریلی نے بھارتی ہائی کمیشن کے باہر بھارت مخالف اور کشمیریوں کی آزادی کے حق میں نعرے بازی کی اور وزارت خارجہ کے دفتر کے سامنے ایک بھرپور ریلی بھی نکالی۔ احتجاجی مظاہرین نے اقوام عالم اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ شجاعت بخاری کے قاتلوں کی تلاش اور انہیں سزا دلانے کیلئے بین الاقوامی سطح کا ایک کمیشن قائم کیا جائے۔مظاہرین نے مطالبہ کیا کے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو روکا جائے اور رائے شماری کے ذریعے کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا اختیار دیا جائے۔مظاہرین نے اقوام متحدہ کے مبصر مشن کے دفتر میں ایک یاداشت پیش کی جس میں کشمیر میں جاری مظالم روکنے ، بھارتی فورسز کو قتل عام روکنے اور رائے شماری کرانے کیلئے بھارت پر دباو ڈالنے کی اپیل کی ۔سنٹرل پریس کلب مظفر آباد کے صدر ابرار حیدر ، سینئر وائس صدر سجاد میر ، سیکرٹری جنرل راجہ شجاعت اور انکی ٹیم کی دعوت پر مظفرآباد، میرپور، بھمبر، راولاکوٹ ، باغ ، سدھنوتی ، کوٹلی ، ہٹیاں بالا ، نیلم سمیت مختلف شہروں سے صحافیوں کی بڑی تعداد احتجاجی دھرنے میں پہنچی ۔ذرائع کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے سینئر صحافی شجاعت بخاری کی شہادت کیخلاف آزادکشمیر بھر کے صحافیوں کا بھارتی سفارتخانے کے باہر شدید احتجاج مرکزی ایوان صحافت مظفرآباد کی کال پر آزادکشمیر کے جملہ اضلاع وتحصیلوں سے پریس کلب ہاکے عہدیداران سینٹرل یونین آف جرنلسٹس آزادکشمیر سمیت صحافتی تنظیموں کے عہدیداران و کارکنان کے علاوہ سول سوسائٹی کے نمائندگان، سیاسی جماعتوں کے قائدین وزراء حکومت نے شرکت کی مظاہرین نے اقوام متحدہ کے مبصر کو مزاحمتی یاداشت پیش کرتے ہوئے عالمی برادری سے مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔شرکاء بھارتی مظالم کیخلاف اور شہید صحافی شجاعت بخاری سمیت کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے نعرہ بازی کی گی شرکاء نے احتجاجی بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے احتجاجی مظاہرے سے مرکزی ایوان صحافت مظفرآباد کے صدر سید ابرار حیدر، صدر پیپلز پارٹی آزادکشمیر چوہدری لطیف اکبر، وزیر حکومت حافظ احمد رضا قادری، جماعت اسلامی کے نائب امیر نور الباری، حریت رہنماء محترمہ مشال لک، پی ٹی آئی کی محترمہ خولہ خان، ممبر اسمبلی مسلم کانفرنس صغیر چغتائی پاسبانِ حریت کے سربراہ عزیز غزالی،شفیق احمد بٹ، سی یو جے کے مرکزی صدر ظفیر بابا، کشمیر پریس کلب میرپورکے صدر عابد شاہ، عتیق احمد کیانی، محمد عارف عرفی، جنرل سیکرٹری مرکزی ایوان صحافت راجہ شجاعت، علی رضا ودیگر نے خطاب کیا۔مظاہرے میں سابق وزیر مطلوب انقلابی، شوکت جاوید میر، سینئر صافی سردار ذوالفقار علی، سردار دلپذیر عباسی، ناصر بٹ، زفقت ضیا ، اعجاز خلیق، سردار اشتیاق، اخلاق کاشر، جاوید عباسی، جاوید چوہدری، امتیاز ایوان، طارق نقاش، ابراہیم گل، سہیل مغل، سرفراز میر، تنویر تنولی، عبدالحکیم کشمیری، فدا حسین، مسعود عباسی، نصیر چوہدری، سجاد میر، ثاقب علی حیدری، شاہد چوہدری،اورنگزیب جرال‘سجاد جرال ‘ فواد عباسی، عدنان چوہدری، راجہ حبیب اللہ، رانا شبیر راجوری، ذوالفقاربٹ، نصیر انور، نسیم مغل، اختر مرزا، شازین، اسلام آباد کے سینئر صحافیوں عابد عباسی، عابد خورشید، شہزاد راٹھور، خالد گردیزی، سمیت بڑی تعداد میں صحافیوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی ایوان صحافت مظفرآباد کے صدر سید ابرار حیدر نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کشمیریوں کی نسل کشی کر رہا ہے۔عالمی برادری خاموشی توڑکر کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت دلائے۔بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ہر مکتبہ فکر کو نشانہ بنانے کے ساتھ دانشوروں اور قلمکاروں کا نشانہ بنان شروع کر رکھا ہے شجاعت بخاری کشمیریوں کی آواز تھے ان کی شہید کر کے کشمیریوں کی آواز دبانے کی کوشش کی گی ۔ عالمی برادری کشمیری عوام کو بندوق اٹھانے پر مجبور نہ کرے۔ انھوں نے پاکستان حکومت سے مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال پر سفارتی محاذ پر موثر اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا۔ پی پی آزادکشمیر کے صدر چوہدری لطیف اکبر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ شجاعت بخاری بہادر صحافی تھا اس کا خون رنگ لائے گا عالمی برادری مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال کا نوٹس لے ۔بھارت مقبوضہ وادی میں گورنر راج نافذ کر کے کشمیرمیں قتل و غارت چاہتا ہے۔وزیر حکومت رضا قادری نے کہا کہ شجاعت بخاری کی شہادت سے تحریک آزادی کشمیر میں نئی جہت پیدا ہو گئی۔بھارت صاحب الرائے لوگوں کی شہید کر کے تحریک آزادی کشمیری کو کمزرور کرنے کی کوشش کر رہا ہے آزادکشمیر حکومت اور عوام اپنے مقبوضہ کشمیر میں مصروف کشمیر صحافی شجاعت بخاری کی شہادت کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان کے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا اور کہاکہ بھارت کشمیری صحافیوں کو شہید کر کے تحیرک آزادی کشمیر کو کمزرور نہیں کر سکتا انھوں نے شجاعت بخاری شہید سمیت مقبوضہ کشمیر کی جوجہد کو سلام پیش کیا۔اسلام آباد کشمیری صحافیوں نے شجاعت بخاری قتل کے خلاف اقوم متحدہ کے فوجی مبصر مشن کو سیکرٹری جنرل کے لئے احتجاجی مراسلہ پیش کیا احتجاجی مراسلہ اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوارڈنیٹر کے سپرد کیا گیا۔ احتجاجی مراسلہ سینٹرل پریس کلب کے صدر سید ابرار حیدر اور ٹی وی جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے صدر عارف عرفی سینئر صحافیوں سردار زوالفقار علی اور سرفراز میرنے اقوام متحدہ کے نمائندے کے سپرد کیا۔مراسلے میں واضع کیا گیا کہ بھارتی زیر انتظام کشمیر میں انسانی حقوق کی صورت حال پر کنٹرول لائن کے اس جانب صحافتی برادری تشویش کا شکار ہے۔ اقوام متحدہ بھارتی زیر انتظام کشمیر میں آزادی اظہار کا راستہ روکنے کے لئے صحافیوں کے ٹارگٹڈ قتل بند کرائے اقوام متحدہ شجاعت بخاری قتل کی تحقیقات کے لئے کمشن قائم کرے تاکہ قاتلوں کا تعین کیا جا سکے۔

ای پیپر دی نیشن