چینلز‘ اخبارات پر بڑھتی سنسر شپ آئین کی خلاف ورزی ہے: مریم اورنگزیب

Jun 21, 2018

لاہور(خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن)کی مرکزی ترجمان اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملک میں ٹی وی چینلز اور اخبارات کے خلاف بڑھتی ہوئی سنسرشپ آئین کے آرٹیکل 19 کی خلاف ورزی ہے۔ آزاد میڈیا کسی بھی جمہوری اور مہذب معاشرے کا لازمی جزوہوتا ہے۔ اس کے بغیر ایک جمہوری اور مہذب معاشرے کا کوئی تصور نہیں۔ مسلم لیگ (ن) آزادی صحافت پر کامل یقین رکھتی ہے۔ آزادی اظہار کو یقینی بنانا اور میڈیا کے خلاف سنسرشپ روکنا مسلم لیگ ن کے 2018ء کے منشور کا جزو ہے۔ سابق وزیر اطلاعات نے کہا کہ صحافت پر کسی قسم کی قدغن یا صحافیوں کے خلاف تشدد آمیز کارروائیاں قابل قبول نہیں ہیں۔ صحافیوں اورکالم نگاروں کو ہراساں کرنا اور کیبل آپریٹروں اور اخبارات کے ہاکروں پر دباؤ ڈالنا آمرانہ سوچ کی عکاسی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد میڈیا کے بغیر ملک میں شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات ممکن نہیں۔ روزنامہ ڈان کی ترسیل میں حالیہ دنوں میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوششوں کی مذمت کرتے ہوئے ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے کہا کہ کسی اخبار تک شہریوں کی رسائی زبردستی روکنا آئینی اور جمہوری تقاضوں کی خلاف ورزی ہے۔

مزیدخبریں