فیفا ورلڈ کپ: پرتگال‘ یوروگوئے‘ روس فاتح‘ مراکش اور سعودی عرب کی چھٹی

ملتان (سپورٹس ڈیسک )پرتگال نے شہرہ آفاق کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو کی شاندار کارکردگی کے باعث اور یوروگوائے نے سواریز کے گول کی بدولت بالترتیب مراکش اور سعودی عرب کو 1-0 سے شکست دے کر ورلڈ کپ سے باہر کردیا۔روس کے دارالحکومت ماسکو کے لوزھنیکی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ بی کے اہم میچ میں رونالڈو نے اپنی کارکردگی کے تسلسل کو جاری رکھتے ہوئے میچ کے ابتدائی لمحات میں گول کرکے پرتگال کو گروپ کی سرفہرست ٹیم بنا دیا۔ پرتگال نے اپنے پہلے میچ میں رونالڈو کی شاندار ہیٹ ٹرک کے باعث اسپین کے خلاف میچ کو برابر کرتے ہوئے ایک پوائنٹ حاصل کیا تھا۔مراکش کو پہلے میچ میں ایران سے ایک گول کی شکست ہوئی تھی لیکن ٹیم نے بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا تھا اور آخری لمحات میں اپنی غلطی کے باعث شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔دوسرے میچ میں یوروگوائے نے لوئس سواریز کے گول کے باعث سعودی عرب کو 0-1 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔یوروگوائے نے پہلے میچ میں مصر کو 0-1 سے شکست دے کر تین پوائنٹس حاصل کرلیے اور مسلسل دوسری کامیابی کے بعد پوائنٹس کی تعداد 6 کر دی اور روس کے ہم پلہ ہوگئے۔لوئس سواریز نے میچ کے 23 ویں منٹ میں سعودی عرب کے خلاف گول کر کے ٹیم کو پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر پہنچا دیا۔میزبان روس نے مصر کو 1-3 سے شکست دے کر اگلے مرحلے میں رسائی کی راہ ہموار کرلی۔گروپ اے کے میچ میں روس اور مصر ایونٹ کے اپنے دوسرے میچ میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوئے۔میزبان روس نے ابتداء ہی سے مصر پر دباؤ بڑھائے رکھا، مصر کی پوری ٹیم کا انحصار انجرڈ محمد صلاح پر تھا جو خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔کھیل کا پہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابر رہا تاہم دوسرے ہاف کے آغاز میں ہی مصر کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب مصر کے کھلاڑی فتح نے اپنے ہی پوسٹ پر گیند ڈال کر روس کو ایک صفر کی برتری دلادی۔اس گول کے بعد مصر کے کھلاڑی شدید دباؤ میں آگئے اور روس نے اس کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے 59 ویں اور 62 ویں منٹ میں دو اور گول داغ کر برتری 0-3 کرلی۔73 ویں منٹ میں مصر کو پینلٹی کک ملی جس پر محمد صلاح نے شاندار گول کرکے خسارہ 1-3 کردیا تاہم کھیل ختم ہونے تک مصر اور کوئی گول نہ کرسکا اور میچ 1-3 سے ہار گیا ٗاس میچ میں کامیابی کے بعد روس کے اگلے مرحلے میں پہنچنے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔

ای پیپر دی نیشن