انتخابات: ملک بھر سے 1691 خواتین امیدوار میدان میں

Jun 21, 2018

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) عام انتخابات میں ملک بھر سے 1691 خواتین امیدوار الیکشن میں حصہ لیں گی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق عام انتخابات میں ملک بھر سے 1691 خواتین امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ 436 خواتین نے قومی اسمبلی جبکہ 1255 نے صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات لڑنے کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں جبکہ 2013ء میں یہ تعداد 1171 تھی۔ پنجاب میں سب سے زیادہ 664 خواتین امیدوار صوبائی اسمبلی کا انتخاب لڑنے کیلئے میدان میں ہیں جبکہ گزشتہ عام انتخابات میں یہ تعداد 231 تھی۔ اس طرح تقریباً 3 گنا زیادہ تعداد میں خواتین امیدوار میدان میں آئی ہیں۔ پنجاب میں 236 خواتین امیدوار قومی اسمبلی کا الیکشن لڑ رہی ہیں۔ 2013ء کے عام انتخابات میں 123 خواتین امیدواروں نے پنجاب سے قومی اسمبلی کے الیکشن میں حصہ لیا تھا۔ خیبر پی کے سے 88 خواتین نے قومی اسمبلی کا الیکشن لڑنے کیلئے کاغذات جمع کرائے ہیں۔ صوبائی اسمبلی کیلئے262 خواتین میدان میں ہیں جبکہ گزشتہ الیکشن میں ان کی تعداد 229 تھی۔ سندھ میں میں اس بار کم خواتین امیدوار انتخاب میں حصہ لے رہی ہیں۔ 2013ء میں 99 ‘ 2018ء میں 76 خواتین قومی اسمبلی کا الیکشن لڑیں گی۔ اسی طرح صوبائی اسمبلی کے انتخاب کیلئے 213 خواتین سامنے آئی ہیں جبکہ گزشتہ انتخابات میں ان کی تعداد 247 تھی۔ الیکشن کمشن نے 2018ء کے عام انتخابات کی انتخابی مہم کی مانیٹرنگ کیلئے ملک بھر میں 492 مانیٹرنگ ٹیمیں مقرر کی ہیں۔ جنرل الیکشن 2018 کے لئے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا ہے اور اس سلسلے میں ہدایات بھی جاری کر دی ہیں کہ کسی بھی پبلسٹی میٹریل میں ضابطہ اخلاق کی کوئی بھی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائیگی ۔الیکشن کمشن نے ضابطہ اخلاق میں انتخابی مہم کیلئے پوسٹرز، بینر کے سائز مقرر کر دیئے ہیں اس کے علاوہ بینرز پر غیر متعلقہ شخصیات کی تصاویر لگانا بھی ممنوع قرار دیا گیا ہے ۔جبکہ تمام اقسام کے پینافیلکس اور ہورڈنگ کے استعمال پر مکمل پابندی ہے۔الیکشن کمشن نے قومی اسمبلی میں اقلیتوں کی مخصوص نشستوں پر امیدواروں کی حتمی فہرست آویزاں کردی ہے جس کے مطابق قومی اسمبلی کی مخصوص نشستوں کے لیے مختلف سیاسی جماعتوں سے 43 اقلیتی امیدوار میدان میں ہیں۔

مزیدخبریں