عالمی برادری تحفظات بالائے طاق رکھ کرآبی مسائل کے حل کیلئے ایک دوسرے کا ہاتھ تھام لے :صدرممنون

Jun 21, 2018

دوشنبے (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے دنیا بھر میں پانی کے وسائل کو درپیش چیلنجز سے عہدہ برآ ہونے کیلئے سائنس اور جدت کے میدان میں اعلیٰ سطح پر تعاون اور شراکت داری کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی برادری بین الاقوامی مسائل پر اپنے تحفظات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے غربت کے خاتمے، صحت کے معیار میں بہتری اور پائیدار ترقی کے حصول کے لئے کوششیں کرے۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو یہاں دوشنبے میں ‘‘آبی وسائل اور پائیدار ترقی’’ کے موضوع پر اعلیٰ سطح کی بین الاقوامی کانفرنس کی افتتاحی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تاجکستان کے صدر امام علی رحمان نے کانفرنس سے افتتاحی خطاب کیا۔ کانفرنس سے ترکمانستان کے صدر، افغانستان کے چیف ایگزیکٹو اور غیر ملکی وفود کے دیگر سربراہان نے بھی خطاب کیا۔ صدرممنون نے کہا پانی کے مسائل کے حل کے لئے عالمی کوششوں میں تعاون پاکستان کی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کی صورتحال تسلی بخش ہے۔ انہوں نے کہاکہ پانی زندگی کی اہم ترین ضرورت ہے۔ زندگی کی بنیادی ضرورت کو درپیش مسائل کے حل کے لیے کانفرنس کا انعقاد خوش آئند ہے۔ پانی توانائی کے حصول کا ذریعہ، زراعت، صنعت، انسانی زندگی کی بقا کا ضامن ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ کانفرنس خطے میں پانی کے مسائل کے حل کیلئے اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہادنیا کی آبادی کے بڑے حصے کو پینے کے صاف پانی میسر نہ ہونا باعث تشویش ہے۔ جامع منصوبہ بندی کے تحت ابھی سے اقدامات نہ کیے گئے تو پائدار ترقی کے اہداف حاصل کرنا مشکل ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ عالمی برادری مختلف امور پر اپنے تحفظات کو بالائے طاق رکھ کر آبی مسائل کے حل کے لئے ایک دوسرے کا ہاتھ تھام لے۔ صدر نے کہاکہ پاکستان بھی موسمی تغیر اور آبی مسائل کا شکار ہے، ہم نے ان مسائل کو پورے عزم سے حل کرنے کی کوشش کی ہے۔دریں اثناء صدر مملکت ممنون حسین نے تاجکستان کے قومی عجائب گھر کا دورہ کیا۔ صدر نے عجائب گھر کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور وہاں رکھے گئے نوادرات اور قدیم ورثہ میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ اس موقع پر صدر مملکت کو سوینئر بھی پیش کیا گیا۔ صدر مملکت نے عجائب گھر میں مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کئے۔

مزیدخبریں