لاہور(کامرس رپورٹر) نگران وزیر زراعت پنجاب سردار تنویر الیاس نے محکمہ زراعت کی جاری سرگرمیوں کے متعلق سول سیکرٹریٹ(زراعت) کے کمیٹی روم میں بریفنگ لی۔اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب محمد محمود نے وزیر زراعت کو محکمہ جاتی سرگرمیوں اور درپیش چیلنجز کے متعلق آگاہ کیا۔ سیکرٹری زراعت نے بتایا کہ زرعی شعبے میںگذشتہ 13 سالہ تاریخ میں سب سے زیادہ ترقی دیکھنے میں آئی۔اس سال زرعی شعبے کا گروتھ ریٹ3.81 فیصد ریکارڈ کیا گیا جبکہ اس کے برعکس پچھلے سال2.09 فیصد ریکارڈہوا تھا زراعت میں ترقی کے عمل کو برقرار رکھنے کیلئے اب اس شعبہ کو جدید سائنسی بنیادوں کے سانچے میں ڈھالا جا رہا ہے تاکہ زرعی شعبہ دورِ حاضر کے درپیش چیلنجز سے پوری طرح نبردآزما ہو سکے۔پنجاب میں1 لاکھ10 ہزار کسان پیکج کے تحت رجسٹرڈ کاشتکاروں میں جدید سمارٹ فونز تقسیم کئے جارہے ہیںاس کے علاوہ محکمہ زراعت نے کسانوں کو نقصان سے بچانے کیلئے بیمہ (تکافل)سکیم کا اجراء کیا ہے اس موقع پر وزیر زراعت پنجاب سردار تنویر الیاس نے محکمہ زراعت کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے افسران کو مزید تندہی اور دیانتداری سے اپنا کام کرنے کی تلقین کی۔ اور زرعی ترقی کی رفتار کو اور تیز کرنے کیلئے ہدایات جاری کیںکیونکہ زراعت کی ترقی سے ہی ملکی معیشت کی ترقی وابستہ ہے۔