کوئٹہ (آئی این پی‘صباح نیوز) بلوچستان کے علاقے مستونگ کے قریب تیرامیل میں سی ٹی ڈی کے آپریشن کے دوران 4 دہشتگرد ہلاک جبکہ 7 سکیورٹی اہلکار زخمی ہو گئے‘ دہشتگردوں کے راکٹ حملے میں 4 سالہ بچہ جاں بحق اور ایک خاتون زخمی ہو گئی‘ کوئٹہ میں فائرنگ سے سب انسپکٹر زخمی جبکہ اس کا بھائی اور بہن جاں بحق ہوگئے۔ بدھ کو ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دشت کے علاقے تیرامیل میں واقع ایک مکان میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سی ٹی ڈی نے آپریشن کیا۔ دہشتگردوں نے سی ٹی ڈی اہلکاروں کے علاقے میں داخل ہوتے ہی چھوٹے بڑے ہتھیاروں سے فائرنگ شروع کر دی جس کی زد میں آ کر 7 اہلکار زخمی ہو گئے جبکہ بکتر بند گاڑی کے قریب ایک خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ تاہم سی ٹی ڈی کی جوابی فائرنگ میں 4 دہشتگرد ہلاک کر دیئے گئے۔ دہشت گردوں نے کارروائی کے دوران راکٹ بھی فائر کئے۔ ایک راکٹ قریبی مکان کو جا لگا جس سے ایک 4 سالہ بچہ جاں بحق اور خاتون زخمی ہو گئی۔ ریسکیو اہلکاروں نے فوری طور پر زخمی اہلکاروں اور خاتون کو سی ایم ایچ منتقل کر دیا۔ سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق تیرامیل آپریشن مکمل کر کے سرچنگ کا عمل شروع کر دیا ۔ فائرنگ سے زخمی ہونے والے 2 اہلکاروں کی حالت تشویشناک ہے۔ آئی جی بلوچستان محسن حسن بٹ نے دشت میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے مقام کا دورہ کیا۔ آئی جی کو سی ٹی ڈی حکام نے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن سے متعلق بریفنگ دی۔ انہوں نے سی ٹی ڈی کی کارروائی کو سراہا۔ نگران صوبائی وزیر داخلہ عنایت اللہ کا سی نے کہا ، کوئٹہ شیر میں سکیورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا عوام کی جان و مال کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے۔ نواں کلی میں سب انسپکٹر کی گاڑی پر فائرنگ سے اس کا بیٹا اور بھائی جاں بحق جبکہ اہلکار شدید زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق کوئٹہ کے علاقے نواں کلی میں سب انسپکٹر عبدالصمداپنی نجی گاڑی میں بیٹے اور بھائی کے ہمراہ گھر جارہا تھاکہ اس دوران گھات لگائے ملزمان نے گاڑی پر فائرنگ کردی جس سے کار سوار تینوں افراد شدید زخمی ہوگئے۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا جہاں عبدالصمد کا بیٹا اور بھائی دم توڑ گئے جب کہ سب انسپکٹرکو شدید زخمی حالت میں سی ایم ایچ کوئٹہ منتقل کردیا گیا جہاں اس کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جاتی ہے۔حملے کی زد میں آنے والا اہلکار جناح ٹائون تھانے کا سب انسپکٹر ہے اور انویسٹی گیشن سیکشن میں تعینات ہے۔ڈی آئی جی کوئٹہ نے کہا کہ واقعہ بظاہر ٹارگٹ کلنگ لگتا ہے۔ واقعہ کے بعد علاقے میں سخت چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے اور ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی ، جب کہ جائے وقوعہ سے شواہد بھی اکٹھے کیے جارہے ہیں ۔
مستونگ، آپریشن، 4 دہشتگرد ہلاک، 7 سکیورٹی اہلکار زخمی، کوئٹہ فائرنگ سے سب انسپکٹر زخمی، بیٹا، بھائی، جاں بحق
Jun 21, 2018