ڈیرہ غازی خان(حسنین کامران سے ) ٹیچنگ ہسپتال کے توسیعی منصوبے 560بیڈز افتتاح سے پہلے ہی نقائص سامنے آنا شروع ہوگئے ۔ فرش ناہموار اور دوسری منزل پر دراڑیں پڑنا شروع ہوگئیں ۔ ساڑھے چار ارب روپے کے منصوبے نے سست رفتاری کے ریکارڈ قائم کردیئے۔ ہر بار مدت تکمیل گزرجانے کے بعد اضافی مدت دے دی جاتی ہے ۔ امسال جون میں کی مدت تکمیل کی تار یخ بھی آگئی مگر منصوبہ تاحال نامکمل ہے۔ جس کی وجہ سے ایک بار پھر افتتاح کی تاریخ کا تعین نہ ہوسکے گا۔شہری حلقوں کی جانب سے قبل ازیں بھی اس منصوبے کے حوالے سے شکوک و شبہات کا اظہار کیا گیامگر ہر بار اس کو نظر انداز کردیا گیا۔منصوبے کے نگران ایکسین کی رپورٹس اور پس پردہ ملی بھگت کی وجہ سے ٹھیکدار فرم کو رعایت دے کر تکمیل مدت میں اضافہ کردیا جاتا ہے۔تھرڈ پارٹی کی جانب سے بھی منصوبے کے حوالے تاخیر اور میٹریل کے بارے رپورٹس کی گئی مگر ان رپورٹس کو بھی نظر انداز کردیا گیا۔ایکسین بلڈنگز ہمایوں مسرور پراس منصوبے کے حوالے الزامات اور شکایات موجود ہیں مگر پھر بھی وہ منظور نظر بنے ہوئے ہیں ۔نامکمل عمارت میں سہولیات کی کمی اورسٹاف کی موجودگی کے باوجود ایک وارڈ میں ہسپتال انتظامیہ نے مریضوں کو داخل کردیا ہے۔ جس سے یہ تاثر دیا گیا ہے کہ منصوبہ مکمل اور فعال ہے جبکہ بلڈنگز ڈیپارٹمنٹ نے ابھی ہسپتال کی انتظامیہ کو یہ عمارت جوکہ نیا ہسپتال ہے ان کے حوالے نہیں کیا۔
ڈی جی خان :ٹیچنگ ہسپتال توسیعی منصوبہ کے نقائص سامنے آنے لگے
Jun 21, 2019