لاہور(نمائندہ خصوصی) صوبائی وزیربرائے مواصلات وتعمیرات سردار محمد آصف نکئی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت صوبے بھر میں وسائل کی منصفانہ تقسیم اور ترقی کے یکساں مواقع کی فراہمی پر یقین رکھتی ہے اوریہی وجہ ہے کہ پنجاب حکومت نے آئندہ مالی سال کے ترقیاتی بجٹ کا 35فیصد جنوبی پنجاب کے لئے مختص کیا ہے اور اس رقم کو کسی اور مقصد کے لئے استعمال نہیں کیا جاسکے گا۔ جنوبی پنجاب کے لئے مختص فنڈز کسی دوسرے شہر یا منصوبے کو ٹرانسفر بھی نہیں ہوسکیں گے۔آصف نکئی نے کہا کہ سابقہ دور حکومت میں جنوبی پنجاب کے ساتھ ہر سطح پر زیادتیاں روا رکھی گئیں لیکن اب جنوبی پنجاب کے عوام سے ماضی میں کی گئی زیادتیوں کے ازالے کا وقت آ گیا ہے ۔ حکومت وقت جنوبی پنجاب کے عوام سے کئے گئے تمام وعدے پورے کر ے گی اور جنوبی پنجاب میں پائیدار ترقی کے سفر کو مکمل کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ گزشتہ حکومت کی غلط پالیسیوں نے پاکستان کو بے پناہ نقصان پہنچایا۔سابق حکمرانوں نے عوام کے بنیادی مسائل کو یکسر نظر انداز کیا۔ورثے میں ملے بد ترین معاشی حالات کے باوجود موجودہ حکومت اقتصادی بہتری کے لئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے ۔
وسائل کے منصفانہ تقسیم اورترقی کے یکساں مواقع کی فراہمی پریقین رکھتے ہیں:سردارآصف نکئی
Jun 21, 2019