پشاور(نوائے وقت رپورٹ، صباح نیوز)خیبر پی کے میں پولیو کے 3 نئے کیسز سامنے آگئے جس کے بعد رواں سال صوبے میں پولیو کیسز کی تعداد 21 ہوگئی ہے۔ ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے بیان میں کہا گیا کہ ایک پولیو کیس بنوں، ایک لکی مروت اور ایک تورغر سے رپورٹ ہوا۔ بنوں سے 21 ماہ کی بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی جس کا تعلق سیدگئی، تحصیل وزیر سے ہے جبکہ اسے معمول کا ایک بھی حفاظتی ٹیکہ نہیں لگوایا گیا۔ ایمرجنسی آپریشن سینٹر کا کہنا تھا کہ لکی مروت سے 15 ماہ کے بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی جس کا تعلق علاقہ جدید ماماخیل، تحصیل سرائے نورنگ سے ہے۔ اس بچے کو بھی معمول کا ایک بھی حفاظتی ٹیکہ نہیں لگوایا گیا۔ پولیو کا تیسرا کیس ضلع تورغر سے رپورٹ ہوا جہاں 10 ماہ کے بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی۔ بچے کا تعلق تورغر کی تحصیل جیدبح کے علاقے گیگانی سے ہے۔ای او سی کے بیان میں کہا گیا کہ ان 3 نئے پولیو کیسز کے سامنے آنے کے بعد صوبہ خیبر پختونخوا میں رواں سال کل پولیو کیسز کی تعداد 21، جبکہ ملک بھر میں کل پولیو کیسز کی تعداد 27 ہو گئی ہے۔