تہران ( آن لائن+ آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) ایران کی پاسداران انقلاب گارڈز نے جنوبی ساحلی پٹی پر امریکی جاسوس ڈرون مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطاق پاسداران انقلاب نے صوبہ ھرمزگان میں جنوبی ساحلی پٹی پر امریکی ڈرون کو نشانہ بنایا۔ کوہ مبارک نامی حصے میں ایرانی فضائیہ نے امریکی ساختہ گلوبل ہاک ڈرون کو ملک کی فضائی سرحد کی خلاف ورزی پر نشانہ بنایا۔ اس حوالے سے بتایا گیا کہ آر کیو 4 گلوبل ہاک نامی امریکی ڈرون انتہائی بلندی پر 30 گھنٹے سے زائد محو پرواز رہ سکتا ہے۔ سنٹرل کمانڈ کے ترجمان کیپٹن بل اربن نے سوال کے جواب میں کہا کہ ’ایرانی حدود میں کوئی امریکی ڈرون نہیں‘۔ امریکی حکام نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے ان کے ایک فوجی ڈرون کو آبنائے ہرمز کے اوپر بین الاقوامی فضائی حدود میں زمین سے فضا میں داغے گئے ایک میزائل کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق ایران نے آبنائے ہرمز کے قریب امریکی ڈرون مار گرایا۔ پاسداران انقلاب نے امریکی ڈرون آر کیو 4 گلوبل ہاک ایران کے صوبہ ہرمزگان کے علاقے کوہ مبارک میں گرایا۔ امریکی سینٹرل کمانڈ کے ترجمان کیپٹن بل اربن نے فی الحال اس معاملے پر کوئی بھی تبصرہ کرنے سے انکار کردیا ہے۔ ٹرمپ نے کہا ایران نے بہت بڑی غلطی کی پاسداران کے سربراہ حسین سلامی نے کہا بیرونی جارحیت کیخلاف کھڑے ہیں۔ یہ واضح پیغام ہماری سرحدیں سرخ لکیر کی مانند ہیں جو بھی دشمن پار کرنے کی کوشش کرے گا اسے تباہ کردیں گے۔ایران وزیر خارجہ جواد ظریف نے سوشل میڈیا پر بیان میں کہا ہے کہ امریکہ نے ایران کیخلاف معاشی دہشت گردی شروع کررکھی ہے امریکہ اب ہماری حدود کی خلاف ورزی بھی کررہا ہے ہم جنگ نہیں چاہتے لیکن اپنی فضائی، زمینی، سمندری حدود کا دفاع کریں گے۔ امریکہ جھوٹ بول رہا ہے کہ امریکی ڈرون بین الاقوامی فضائی حدود میں تھا ایران اس معاملے کو اقوام متحدہ میں لے کر جائے گا۔ ایرانی صدر حسن روحانی کے بعد ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری علی شمخانی نے بھی امریکہ سے تنازعے کے حل پر زور دیا ہے۔ علی شمخانی نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان فوجی تصادم نہیں ہوگا، جنگ کے حوالے سے کوئی وجہ بھی نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ امریکی عہدیداروں میں دیگر ممالک پر الزامات عائد کرنے کی روش عام ہوگئی ہے، وہ دوسرے ممالک پر دبا ؤبڑھانے کی کوشش کرتے ہیں۔
ایران نے امریکی ڈرون مار گرایا : بڑی غلطی کی ، ٹرمپ : جنگ نہیں چاہتے، دفاع کرینگے: جواد ظریف
Jun 21, 2019