اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) چینی وفد نے ایک خطہ ایک سڑک منصوبے کی مشاورتی کمیٹی کی سربراہ ژائو بیجی کی سربراہی میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان سی پیک منصوبوں کو اہمیت دیتا ہے۔ پاک چین دوستی زبردست معاشی شراکت داری میں بدل رہی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سی پیک میں زراعت، سماجی، اقتصادی ترقی اور دیگر شعبوں کو شامل کیا گیا ہے۔ ان منصوبوں کی شمولیت سے سی پیک دوسرے مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔ انہوں نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ پاکستان سی پیک کے تحت تعاون کو مزید موثر اور مضبوط بنانے کے لیے ہر کارروائی کرے گا۔ پاکستان مختلف شعبوں میں چین کے تجربہ اور مہارت سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔ سرکاری اور نجی شراکت داری اور کاروبار کو موثر بنانے کے لیے وزیراعظم آفس میں سیل بنایا جائے گا۔
عمران، چینی وفد
اسلام آباد (اے پی پی) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں کاروباری سرگرمیوں کا فروغ اور مینوفیکچرنگ شعبہ کی ترویج حکومت کی اولین ترجیح ہے، معاشی مشکلات پر قابو پانے اور معیشت کے استحکام کیلئے حکومت اور کاروباری برادری کے مابین مؤثر اشتراک کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ بات کاروباری برادری کے نمائندگان سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں عقیل کریم ڈھیڈی، محسن سنگانی، احمد چنائے، دارو خان، زبیر طفیل، زبیر موتی والا، جاوید بلوانی، علی حبیب اور ایس ایم منیر موجود تھے۔ وزیر توانائی عمر ایوب، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، وزیر مملکت حماد اظہر، ڈاکٹر عشرت حسین، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد اور چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی بھی موجود تھے۔ کاروباری برادری کے نمائندگان نے حکومت کی جانب سے جاری معاشی اصلاحات پر تجاویز پیش کیں۔ بزنس کمیونٹی کے نمائندگان نے کہا کہ معاشی اصلاحات کے عمل میں کاروباری برادری حکومت کے ساتھ کھڑی ہے اور معاشی اصلاحات کے عمل کو آگے بڑھانے میں مکمل تعاون کرے گی۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت آزاد جموں و کشمیر کے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر اجلاس ہوا۔ سیاحت کے فروغ اور دیگر اہم امور پر بھی غور کیا گیا۔ اجلاس میں وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور‘ وزیر منصوبہ بندی خسرو بختیار‘ وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا‘ دیگر وزراء اور حکام نے شرکت کی۔ وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر نے مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر اٹھانے پر عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی آزاد جموں وکشمیر کا سب سے بڑا اثاثہ ہیں۔صباح نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے پارلیمنٹ ہاوس میں ڈپٹی سپیکر قاسم سوری، وزیر ریلوے شیخ رشید اور سردار نصراللہ دریشک سمیت دیگر اراکین اسمبلی نے الگ الگ ملاقاتیں کیں،وزیراعظم عمران خان سے قومی اسمبلی میں ان کے چیمبر میں ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری، میر خان محمد جمالی، سردار نصراللہ دریشک اور منورہ بی بی نے ملاقات کی ۔ وزیراعظم سے وزیرریلوے شیخ رشید نے پاکستان ریلوے میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور بجٹ کے حوالے سے بات چیت کی۔وزیر ریلوے نے وزیراعظم کو راولپنڈی اور کراچی کے درمیان نئی شروع ہونے والی مسافر ٹرین سے متعلق آگاہ کیا۔ اور تیس جون کو نئی ٹرین سر سید ایکسپریس کے افتتاح کیلئے وزیراعظم کو دعوت دی۔ سر سید ایکسپریس راولپنڈی سٹیشن سے براستہ فیصل آباد کراچی پہنچے گی۔ وزیراعظم سے معاون خصوصی برائے ہیلتھ ڈاکٹر ظفراللہ مرزا، صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد اور وزیر صحت آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب نقی نے بھی ملاقات کی جس میں صحت سے متعلقہ امور خصوصا سرکاری ہسپتالوں میں صحت کی سہولیات کی فراہمی میں بہتری لانے کیلئے اصلاحات سے متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
عمران