کرکٹ ورلڈکپ کے 27ویں میچ میں سری لنکا نے ہاٹ فیورٹ انگلینڈ کو 20 رنز سے شکست دے دی۔
لیڈز میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا کے 233 رنز کے جواب میں میزبان ٹیم 212 رنز پر ڈھیر ہوگئی، رواں ورلڈکپ میں 397 رنز کا ریکارڈ ہدف دینے والی انگلش بیٹنگ لائن سری لنکا کے خلاف ریت کی دیوار ثابت ہوئی، سری لنکن بولرز نے نپی تلی بولنگ کرتے ہوئے آغاز سے ہی حریف بلے بازوں کو دباؤ میں رکھا جس کے نتیجے میں کوئی بڑی پارٹنر شپ قائم نہ ہوسکی جب کہ وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ بھی برقرار رہا۔
کرکٹ ورلڈکپ کے 27 ویں میچ میں سری لنکا نے انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو سری لنکا کی جانب سے اننگز کا آغاز کرونارتنے اور کوشل پریرا نے کیا تاہم دونوں اوپنرز صرف 3 کے مجموعی اسکور پر پویلین واپس لوٹ گئے۔ اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد فرنینڈو اور کوشل منڈس نے اسکور آگے بڑھایا، دونوں کے درمیان 59 رنز کی شراکت قائم ہوئی تاہم فرنینڈو 49 اور کوشل منڈس 46 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
190 رنز پر 5 کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد انجیلو میتھیوز اور ڈی سلوا نے ٹیم کو سنبھالا، دونوں کے درمیان 57 رنز کی شراکت قائم ہوئی جس کے بعد ڈی سلوا 29 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، انجیلو میتھیوز آخری وقت تک وکٹ پر کھڑے رہے اور ناقابل شکست 85 رنز کی اننگز کھیلی جس کی بدولت سری لنکا کی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 232 رنز بناسکی۔