گوادر پورٹ مضبوط معیشت کا باعث ہو گا: ایڈمرل  ظفر محمودعباسی

پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا ہے کہ گوادر پورٹ نہ صرف ہمارے ملک بلکہ خطے اوردیگر ممالک کے لئے بھی مضبوط معیشت کا باعث ہو گا۔پاک بحریہ وطن کی بحری سرحدوں کی حفاظت کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے ان خیالات کا اظہار پاکستان نیوی وار کالج لاہور میں48ویں پاکستان نیوی اسٹاف کورس کے شرکااور فیکلٹی ممبران سے خطاب کے دوران کیا۔نیول چیف نے اس موقع پر پاک بحریہ سے متعلق اپنے وژن اور پاکستان نیوی کے جاری منصوبوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہ آپریشنل تیاریاں اور مضبوط نظریہ ہی پاک بحریہ کو مضبوط پیشہ ورانہ قوت بنانے اورپاکستان کے بحری مفادات کی حفاظت کرنے میں مزید مددگار ثابت ہوں گے۔انھوں نے مسلح افواج کے آپریشنل عزم کو سراہا اور کہا کہ اللہ سبحان و تعالی پر غیر متزلزل ایمان کے ساتھ پاک بحریہ وطن کی بحری سرحدوں کی حفاظت کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔ چیف آف دی نیول اسٹاف نے کورس کے شرکاکو تاکید کی کہ وہ اپنے مستقبل کی حکمت عملی کے لئے رہنمائی ا سلام اور نظریہ پاکستان سے حاصل کریں۔خطے اور بین الاقوامی جیو اسٹریٹیجک صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہ دنیا کو میری ٹائم ڈومین میں بیشمار خطرات کا سامنا ہے جن میں بحری قزاقی، غیر قانونی  اسمگلنگ اور دہشت گردی شامل ہیں۔پاک بحریہ نے ہمیشہ دیگر بحری افواج کے ہمراہ مشترکہ میری ٹائم سکیورٹی اور پاکستان نیوی کے آزادانہ ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرول کے تحت بین الا قوامی پانیوں کی حفاظت اور سکیورٹی کو یقینی بنایا ہے۔قبل ازیں، چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی کی پاکستان نیوی وار کالج لاہور آمد پر کمانڈنٹ پی این وار کالج ، ریئر ایڈمرل زاہد الیاس نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ نیول چیف نے یادگار شہداپر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی بھی کی۔ 

ای پیپر دی نیشن