صدر‘ وزیراعظم کو نااہل قرار دینے کیلئے اور سرکاری کرونا ٹیسٹنگ کٹس کی فروخت پر قراردادیں پنجاب اسمبلی میں جمع

Jun 21, 2020

لاہور (خصوصی نامہ نگار) عمران خان کو تاحیات نا اہل قراردینے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع، قرارداد مسلم لیگ (ن) کی رکن حنا پرویز بٹ کی جانب سے جمع کرائی گئی۔ جس میں کہا گیا حکومت نے جسٹس فائز عیسیٰ کیخلاف جھوٹا پروپیگنڈہ کرنے کی ناکام کوشش کی ہے۔ حکومت نے اعلیٰ عدلیہ کو اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنے کیلئے دبائو میں لانے کی کوشش کی۔ ایوان مطالبہ کرتا ہے فروغ نسیم اورشہزاد اکبر کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ وزیراعظم عمران خان کیخلاف اعلیٰ عدالت کے جج اور ان کی فیملی کی جاسوسی کرانے کے الزام میں تاحیات نا اہل قراردیا جائے۔ اسی طرح صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان کے استعفے کے مطالبے کی ایک اور بھی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروادی گئی۔ مسلم لیگ (ن)کی رکن عظمی زاہد بخاری کی جانب سے قرارداد کے متن میںکہا گیا کہ یہ ایوان جسٹس فائز عیسی اور ان کی اہلیہ کو سپریم جوڈیشل کونسل سے سرخرو ہونے پر خراج تحسین پیش کرتا ہے۔ مزید برآں جنرل ہسپتال میں آئی آؤٹ ڈور کے انچارج کی جانب سے کرونا کی کٹس باہر مہنگے داموں بیچنے کیخلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد، مسلم لیگ (ن) کی رکن سمیرا کومل کی جانب سے جمع کرا دی گئی۔ جس میں کہا گیا ذخیرہ اندوزوں نے بھی انسانیت بھلا رکھی ہے۔ جان بچانے والی ادویات اور انجیکشنز مہنگے کر کے بلیک میں بیچے جاتے ہیں۔ کٹس باہر بیچنے کا انکشاف سامنے آنا انسانیت سوز عمل ہے۔ ایوان مطالبہ کرتا ہے معاملے کی شفاف انکوائری کرائی جائے۔

مزیدخبریں