ملتان‘ وہاڑی‘ جلال پورپیروالہ‘ شجاع آباد (نیوز رپورٹر‘ نمائندہ خصوصی‘ کرائم رپورٹر ‘ نامہ نگار) حکومت کی جانب سے کرونا وائرس کے بڑھتے خدشات کے پیش نظر ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں ہفتے میں 2 دن لاک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث تمام کاروباری سرگرمیاں‘ مارکیٹیں‘ بازار بند رہے جبکہ دودھ دہی‘ بیکری آئٹم‘ گوشت‘ کریانہ شاپس‘ میڈیکل سٹورز سبزی سمیت دیگر فاسٹ فوڈ چیز مقررہ وقت تک کھلے رہے جن سے ہوم ڈیلوری اور ٹیک آوے کی سہولیات جاری رہیں۔ تفصیل کے مطابق حکومت کی جانب سے کرونا وائرس کی روک تھام اور پھیلاؤ سے بچاؤ کے لئے 2 دن لاک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں گزشتہ روز لاک ڈاؤن رہا جس کے باعث سڑکوں پر رش معمول سے کم رہا جبکہ لاک ڈاؤن سے استثنیٰ والی دکانیں اور میڈیکل سٹورز سمیت سبزی گوشت اور کریانہ شاپس کھلی رہیں۔ مقررہ وقت پر دکانیں بند نہ کرنے والوں کے خلاف پولیس نے کارروائی کی اور جرمانے بھی کئے تاہم ملتان کے بعض علاقوں ایم ڈی اے‘ شاہ رکن عالم‘ نیو ملتان میں سمارٹ لاک ڈاؤن جاری ہے۔ آج بھی مکمل لاک ڈاؤن رہے گا جبکہ صرف اشیاء ضروریہ کی شاپس کھلی رہیں گی۔ سوموار سے باقاعدہ تجارتی و کاروباری سرگرمیوں کا آغاز ہو گا۔ ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کی ہدایت پر کورونا ایس او پی پیز کی خلاف ورزی کرنیوالے دوکانداروں کے خلاف کاروائی تیز کر دی گئی ہے۔گزشتہ روز ملتان شہر، شجاع آباد اور جلالپور پیروالا میں بھرپور کاروائی کے دوران درجنوں دوکانوں کو سیل کردیا گیا اور مالکان پر ہزاروں روپے جرمانے عائد کر دئے گئے۔سب رجسٹرار کینٹ جمیل حیدر شاہ نے ڈپٹی ڈائریکٹرسوشل ویلفیئر کے ہمراہ مختلف علاقوں کا معائنہ کیا اور کاروائی کرتے ہوئے گردیزی مارکیٹ میں البدر اور اتفاق کلاتھ ہاوس سمیت 3 دوکانیں سیل کردی گئیں اورسیداں والا چوک پر کریانہ سٹور سر بمہر کردیا گیا۔اسی طرح بوسن روڈ پر واقع دو بڑے ہوٹل، ڈی جی سیمنٹ کی ایجنسی 2آٹوورکشاپس،2گیس فلنگ اسٹیشنز اور ایک آٹو ٹریڈرز کی دوکان بھی سیل کر دی گئی۔چوک رشید آباد میں بھی کاروائی کی گئی اور پیزا شاپ کو سر بمہر کر دیا گیا۔اسسٹنٹ کمشنر شجاع آباد محمد مبین احسن شہر کی مختلف مارکیٹوں کا وزٹ کیا اور ایس او پیز کی خلاف ورزی پر18 دوکانوں کو سیل کردیا گیا۔اسسٹنٹ کمشنر جلالپور پیروالا غلام سرور نے بڑے ریسٹورنٹس کے خلاف کاروائی کی اور شہر کے تین ریستورانوں کے مالکان پر25 ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا۔ٹیسٹی ہوٹل پر10ہزار روپے،ہجویری10ہزار روپے اور ناصر کیفے پر5 ہزار جرمانہ عائد کیا گیا۔ان ہوٹلوں کے مالکان کو آئندہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر ہوٹل سیل کرنے کی وارننگ بھی جاری کی گئی۔ملتان کے کورونا ہاٹ سپاٹ علاقوں میں سمارٹ لاک ڈوان کے تیسرے روز ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کی ہدایت پر کورونا وائرس کے شکار مریضوں کے رہائشی علاقوں کی گلیاں بھی سیل کر دی گئیں ہیں اورمتاثرہ علاقوںوں اور سٹریٹس کو دونوں اطراف سے ٹینٹ لگا کر بند کردیا گیا ہے جب کہ سمارٹ لاک ڈاون کی زد میں آنیوالے علاقوں کی بڑی سڑکوں کو بیرئیر اور خار دار تاریں لگا کر بلاک کر دیا گیا ہے۔ اس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ پولیس نے کرونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے کے لئے حکومت پنجاب کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز پر عمل دراآمد نہ کرنے والے ملزمان شفقت حسین ، زبیر ، مجاہد ، شوکت ، وقاص، سجاول ، فداحسین ، اشرف ، عبدالرحمن ، محمد علی ، فیصل مختیار، ظیر احمد ، محمد آصف ، محمد ماجد کو قابو کیا جہنوں پابندی کے باوجود اپنی دوکانیں کھول کر عوام کا رش کئے ہوئے اور نہ ہی جاری کردہ ایس او پی پر عمل دراآمد کررہے تھے ،پولیس نے ملزمان کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج کرکے کارروائی شروع کردی ہے۔وہاڑی میںہفتہ والے دن بازار مکمل بند رہے کچھ لوگوں نے پکڑ دھکڑ اور کچھ شدید گرمی کی وجہ سے دکانیں بند رکھیں۔جبکہ کچھ دکانیں کھلی ہونے کی وجہ سے انتظامیہ نے کلب روڈ پر متعدد دکانیں سیل کردیں۔ اے سی وہاڑی احمد نوید نے کہا کہ جو دکاندار ایس او پیز پر عملدرآمد نہیں کریں گے ان کو جرمانے بھی کئے جائیں گے اور ان کی دکانیں بھی سیل کر دی جائیں گی۔