حج درخواستیں5لاکھ سے تجاوز: مسجد قبا 24گھنٹے کھولنے کی اجازت

Jun 21, 2021

مکہ مکرمہ (ممتازاحمدبڈانی) نائب وزیر حج وعمرہ ڈاکٹرعبدالفتاح نشاط نے کہا کہ حج درخواستیں جمع کرنے والوں کی تعداد پانچ لاکھ سے تجاوز کرگئی، 14 ذوالقعدہ کودرخواستوں کا جائزہ لیا جائے گا۔ حج درخواستوں کے نتائج کا اعلان 15 ذوالقعدہ کو کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا ہے کہ ’جن لوگوں نے کرونا ویکسین کی ایک یا دونوں خوارکیں لے رکھی ہیں یا وہ لوگ جنہوں نے پہلے کبھی حج نہیں کیا انہیں ترجیح دی جائے گی۔ نائب وزیر حج وعمرہ نے کہا ہے کہ ذو القعدہ کی 13 تاریخ تک خواہشمند درخواستیں جمع کراسکتے ہیں۔ عازمین کو پیش کی جانے والی سہولتوں کی نگرانی کے لیے خصوصی ٹیم ہوگی اور جو کوئی بھی خلاف ورزی کا مرتکب ہوگا اس کے خلاف فوری کارروائی ہوگی۔ ادھر وزارت اسلامی امور و دعوت و رہنمائی نے گزشتہ روز مسجد قبا 24 گھنٹے کھولنے کی اجازت دیدی ہے۔زائرین اور نمازی اب کسی بھی وقت عبادت اور زیارت کے لیے جا سکتے ہیں کرونا سے بچاؤ کے لیے مقرر تدابیر کی پابندی کرنا ہوگی۔

مزیدخبریں