لاہور (اے پی پی) معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین متعارف کرواکر آزادانہ، شفاف اور منصفانہ الیکشن کی بنیاد رکھی ہے۔ (ن) لیگ نے ووٹ کو عزت دو کا صرف نعرہ لگایا لیکن عمران خان نے اس کو تعبیر دی۔ ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے پی ٹی آئی سیکرٹریٹ میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ جدید ٹیکنالوجی سے ووٹ چوری کے عمل کو روکنے میں مدد ملے گی اور شاہی خاندان کی دکان ہمیشہ کے لئے بند ہوجائے گی۔ (ن) لیگ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے راستے میں رکاوٹ ڈال رہی ہے۔ معاون خصوصی نے کہا، ن لیگ جانتی ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینا سیاسی طو رپر ان کی موت ہے۔ میں جعلی ارسطو سے پوچھنا چاہتی ہوں کہ اگر اوورسیز پاکستانی سیاسی عمل میں حصے دار بننے کے اہل نہیں اور ووٹ نہیں ڈال سکتے تو آ پ لندن میں بیٹھے ظل سبحانی کے اشاروں پر کیوں چلتے ہیں۔ ڈاکٹر فردو س نے کہاکہ پہلی مرتبہ جنوبی پنجاب کیلئے 189 بلین کا علیحدہ بجٹ پنجاب حکومت نے پیش کیا۔ پی ٹی آئی کی حکومت نے سرائیکی وسیب کو ترقی کے عمل میں حصہ دار بناتے ہوئے سوتیلی ماں کا سلوک ختم کر دیا ہے۔ حکومت ایک کھرب سے زائد بجٹ ہیلتھ پر خرچ کر رہی ہے۔ ہیلتھ کارڈ جیسے منصوبے عوام کے دکھوں کا ازالہ کرنے میں معاونت فراہم کریں گے۔ پی ٹی آئی نے موروثی سیاست کو باہر پھینک کر پسماندہ اضلاع کی تعمیر و ترقی کا بیڑہ اٹھایا ہے۔ لاہور سے نیوز رپورٹر وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ جعلی راجکماری اور پرچی چیئرمین کے زخم خوردہ مولانا اب نیا بھیس بدل کر سامنے آ رہے ہیں۔ پی ڈی ایم مردہ گھوڑا ہے۔ اس میں جان ڈالنے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جلسے جلوسوں کیلئے آگے بہت وقت ہے۔ جب ملک ترقی کیلئے ٹیک آف کر چکا ہے تو اس موقع پر جلسے جلوسوں کا کوئی جواز نہیں۔