لاہور+ فیصل آباد (خصوصی نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے امریکہ سے ہونے والے معاہدے قومی اسمبلی میں پیش کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور الیکشن قوانین میں رات کے اندھیرے میں کی جانے والی ترامیم بھی ناقابلِ قبول قرار دیتے ہوئے شفاف الیکشن کا لائحہ عمل بنانے پر زور دیا ہے۔ فیصل آباد میں علماء کنونشن، خواتین کے اجتماع، ضلعی شوریٰ کے اجلاس سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو میں امیر جماعت اسلامی نے وزیراعظم کی طرف سے امریکہ کو اڈے نہ دینے کے اعلان کے بعد امریکہ سے ہونے والے تمام معاہدوں کو پارلیمنٹ میں لانے اور قوم کو آگاہ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو شبہ ہے کہ اگر حکومت نئے معاہدے نہیں کررہی تو پرانے معاہدوں کی تجدید کررہی ہے۔ پاکستان مزید کسی کی جنگ لڑنے کا متحمل نہیں ہو سکتا، اڈے نہ دینے کا وزیر اعظم کا بیان بجا ہے۔ امریکہ سے ہونے والے تمام معاہدوں کو قوم کے سامنے لانا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت کے الیکشن سے متعلق بنائے گئے قوانین ناقابل قبول ہیں، اپوزیشن اور حکومت مشترکہ طور پر شفاف الیکشن کا لائحہ عمل بنائیں۔ حکومت نے آئی ایم ایف کی شرائط پر بنایا گیا بجٹ پیش کیا۔ عوام کو دھوکا دیا، کوئی وعدہ پورا نہیں کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ حکومت نے احتساب کے نام پر ڈرامہ کیا جو انتقام میں بدل چکا ہے۔ یہ کیسا احتساب ہے جو حکومت میں ہے اس کا احتساب نہیں ہوتا، اپوزیشن کو دبانے کے لیے نیب کو استعمال کیا جا رہا ہے۔ نیب کو چینی، ادویات اور آٹے کے سکینڈل پر بھی نوٹس لینا چاہیے۔ سراج الحق نے کہاکہ اسلام خواتین کے حقوق کا سب سے بڑا محافظ ہے۔ ملک میں اسلام کے نفاذ کے لیے خواتین کو بھر پور کردار ادا کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کی جدوجہد کر رہی ہے۔
امریکہ سے ہونیوالے معاہدے اسمبلی میں پیش کیے جائیں: سراج الحق
Jun 21, 2021