اسلام آباد (نامہ نگار) وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی و مشرق وسطی اور پاکستان علما کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے سعودی عرب پر حوثی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب کی سالمیت اور مقامات مقدسہ کی حفاظت کے لئے پاکستانی حکومت اور عوام کوئی سمجھوتہ نہیں کر سکتے، حوثی باغی خطے کی سلامتی کے لئے شدید خطرہ اور اسلامی تعلیمات سے عاری ہیں۔ اتوار کو اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ سعودی شہروں پر ڈرون حملے اور نہتی آبادی کو نشانہ بنانا عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ ارض حرمین شریفین کی سالمیت اور تحفظ کے لئے سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے امریکہ کو اڈے نہ دینے کا اعلان کر کے پاکستانی قوم کے جذبات کی ترجمانی کی ہے۔ وزیراعظم پاکستان کا افغانستان کی صورتحال پر موقف خطے کے مستقبل کو واضح کر رہا ہے۔