لاہور، کراچی‘ اسلام آباد (نیٹ نیوز+این این آئی+ نامہ نگار) پاکستان سمیت دنیا بھر میں اتوارکو فادرز ڈے منایا گیا۔ اس دن کی مناسبت سے بچوں نے اپنے والد کو تحائف اور پھول پیش کر کے اپنی محبت کا اظہار کیا۔ فادرز ڈے کے سلسلے میں مختلف مقامات پر کا بھی اہتمام کیا گیا۔ فنون لطیفہ سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے اپنے اپنے الفاظ میں والد کوخراج تحسین پیش کیا۔ فادرز ڈے کا باقاعدہ آغاز 1910ء میں واشنگٹن میں سنورا سمارٹ ڈوڈ نے کیا جو امریکی سول وار کے ایک ہیرو کی بیٹی تھیں۔ اسلام آباد سے نامہ نگارکے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے والد آصف علی زرداری کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر دیے گئے اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عالمی یومِ والد پر صدر آصف علی زرداری کے لیے نیک تمنائیں کہ جنہوں نے جمہوریت کی بحالی کے لیے بغیر کسی فردِ جرم کے 12برس جیل میں گزارے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میرے والد نے 18ویں ترمیم کے ذریعے 1973ء کے آئین کی بحالی میں اہم کردار ادا کیا۔ پاک چین اقتصادی راہداری کی بنیاد رکھی۔ پی پی چیئرمین نے کہا کہ آصف علی زرداری نے غریبوں کے لیے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سمیت بہت کچھ کیا۔ علاوہ ازیں پاکستان کی نوبل انعام یافتہ سماجی کارکن ملالہ یوسف زئی نے اپنے والد کو فادرز ڈے کی مبارکباد دی۔ اس حوالے سے انہوں نے فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیرئنگ ایپ انسٹاگرام کا سہارا لیا۔ تصویر کے کیپشن میں ملالہ نے لکھا کہ ’’میرے والد ضیاء الدین کو فادرز ڈے مبارک ہو‘‘۔
فادرز ڈے منایا گیا‘ بلاول کی زرداری کیلئے نیک تمنائیں
Jun 21, 2021