واشنگٹن(این این آئی)امریکا کے سفارت کاروں اور حکام نے کہا ہے کہ مشرق اوسط کے ممالک سے میزائل شکن بیٹریوں کو ہٹانے کا فیصلہ خطے کے روایتی اتحادیوں سے کنارہ کشی کی کسی پالیسی کا نتیجہ نہیں بلکہ انھیں بعض میکانیکی اموراور ازکار رفتہ ہونے کی وجہ سے ہٹایا جارہا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون)کی ترجمان کمانڈر جیسیکا ایل مکنولٹی نے بتایا کہ وزیر دفاع نے مرکزی کمان کے کمانڈر کو موسم گرما میں خطے سے بعض فوجیوں کے انخلا اور دفاعی تنصیبات کو ہٹانے کی ہدایت کی ۔ان میں سے بعض فضائی دفاعی اثاثوں کو انتہائی ضروری دیکھ بھال اورمرمت کے لیے امریکا واپس بھیجا جائے گا اور کچھ کو دوسرے علاقوں میں دوبارہ نصب کیا جائے گا۔بائیڈن انتظامیہ کے حکام کے حوالے سے جمعہ کو ایک رپورٹ میں بتایا تھاکہ عراق، کویت، اردن اور سعودی عرب میں نصب آٹھ پیٹریاٹ میزائل شکن بیٹریاں ہٹائی جارہی ہیں کیونکہ امریکا کو روس اور چین کی جانب سے اس سے زیادہ خطرات لاحق ہیں۔