لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیر اعلی آفس میں انصاف لائرز فورم کے صدر عمیر نیازی کی قیادت میں وکلاء کے وفد نے ملاقات کی۔ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس بھی موجود تھے۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے اس موقع پرکہا کہ میں خود وکیل ہوں اور وکلاء برادری کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہوں۔ ہماری حکومت نے وکلاء برادری کے مسائل کے حل کے لئے عملی اقدامات کئے ہیں۔ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشنز کے لئے 25کروڑ روپے کی خطیر رقم مختص کی ہے۔ حال ہی میں بار ایسوسی ایشنز کو گرانٹ ان ایڈ کے چیک دئیے ہیں۔ مشکلات کے باوجود کرونا سے متاثرہ وکلاء برادری کی بھرپور مالی امداد کی۔ ماضی کی حکومتوں نے وکلاء برادری کے مسائل کو یکسر فراموش کئے رکھا۔ سابق حکمرانوں نے صرف ذاتی مفادات کا تحفظ کیا۔ وزیراعلی نے کہا کہ جلد لاہور میں انصاف لا ئرز فورم کا گرینڈ کنونشن بلایا جائے گا جس میں وکلاء برادری کے لئے خصوصی پیکیج کا اعلان کریں گے۔ وکلاء برادری کو ہیلتھ کارڈز بھی دئیے جائیں گے۔ وکلاء برادری کی رہائش کا مسئلہ حل کرنے کے حوالے سے جلد خوشخبری دیں گے۔ لاہور میں وکلاء برادری کے لئے سٹیٹ آف دی آرٹ ٹاور بنانے کا پروگرام بنایا ہے۔ پنجاب میں ہر کام میرٹ اور انصاف پر کیا جاتا ہے۔ پولیس اور انتظامیہ کو سیاسی دباؤ سے آزاد کیا ہے۔ ماضی میں مخالفین کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا۔ ہماری حکومت نے سیاسی انتقام کے اندھے کلچر کا خاتمہ کیا ہے۔ وفد میں ایم پی اے زینب عمیر ایڈووکیٹ، انصاف لائرز فورم پنجاب کے صدر انیس ہاشمی، کاشف بشیر، رانا مدثر، محمد علی کھرل، شیخ شوکت، افضل عظیم، نوید سہیل اور دیگر عہدیداران شامل تھے۔ وفد نے کہا کہ ہم آپ کی ٹیم ہیں۔ وکلاء برادری کیلئے صحیح معنوں میں کام ہورہا ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ عثمان بزدارسے وزیر اعلی آفس میں ارکان پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی۔ منتخب نمائندوں نے عوام دوست بجٹ پیش کرنے پر وزیر اعلی کو مبارکباد دی۔ اراکین اسمبلی نے کہا کہ آپ کی قیادت میں پنجاب حکومت نے صوبے کی پائیدار ترقی کا زبردست روڈ میپ دیا ہے۔ 560 ارب روپے کے سالانہ ترقیاتی پروگرام سے صوبے میں خوشحالی کے نئے باب رقم ہوں گے۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترقی پنجاب کے تمام اضلاع خصوصاً پسماندہ علاقوں کا حق ہے۔ کسی شہر یا علاقے کی حق تلفی نہیں ہو گی۔ ماضی کے حکمرانوں نے پسماندہ علاقوں کے فنڈز من پسند شہرو ں پر خرچ کئے۔ غلط پالیسیوں اور نمائشی منصوبو ں کے ذریعے پسماندہ اضلاع اور ترقی یافتہ اضلاع میں واضح تفریق پیدا کی گئی۔ تحریک انصاف کے دور میں ملک پائیدار ترقی کی جانب گامزن ہے۔ عوام کی فلاح و بہبود کیلئے بے شمار اقدامات کئے ہیں۔ حکومتی امور میں سادگی لانے سے اخراجات میں نمایاں کمی آئی ہے۔ وزیر اعلی عثمان بزدار سے ملاقات کرنے والوں میں نذیر احمد خان، رضا حسین بخاری، راجہ یاور کمال خان، سردار آفتاب اکبر خان، محمد سلیم اختر اور میاں طارق عبداللہ شامل تھے۔
ہرکام میرٹ پر ، ترقیاتی فنڈز میں کسی شہر کی حق تلفی نہیں ہوگی: عثمان بزدار
Jun 21, 2021