حکومت خیراتی و یکسین سے کام چلانے کی سوچ بدلے : شہباز شریف ایف، آئی اے پیشی لا فیصلہ

Jun 21, 2021

لاہور  (خصوصی رپورٹر+نیوز رپورٹر)  پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے ملک میں کرونا ویکسین کی عدم دستیابی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ حکومت عوام کی زندگیوں سے نہ کھیلے‘ کرونا ویکسین کی فی الفور فراہمی کا بندوبست کرے۔ بائیس کروڑ عوام کی آبادی کو مد نظر رکھتے ہوئے منصوبہ بندی کی جائے۔ چند لاکھ ڈوز منگوانے اور خیراتی ویکسین سے کام چلانے کی چھوٹی سوچ تبدیل کی جائے۔ کرونا ویکسین کی عدم دستیابی حکومت کی مجرمانہ غفلت اور نااہلی کا ایک اور ثبوت ہے۔ اپوزیشن نے بار بار خبردار کیا کہ عوام کی زندگیاں موذی وائرس سے محفوظ بنانے کے لئے بروقت ویکسین کی بکنگ کرائی جائے۔ ویکسین کے فراہمی کے معاملے میں وہی کچھ ہورہا ہے جو ایل این جی کی فراہمی کے معاملے میں ہوا تھا۔ آٹا، چینی، دوائی کے معاملے میں جس طرح مفاد پرستوں نے جیبیں بھریں، کرونا ویکسین میں وہی کچھ دہرایا جارہا ہے۔ افسوس کہ عوام کی زندگی کے معاملے میں حکومت مجرمانہ غفلت کا سنگین ترین مظاہرہ کررہی ہے۔ 1200ارب روپے کے کرونا ریلیف پیکج پر کرپشن کے سنگین سوالات نے صورتحال پہلے ہی گھمبیر بنارکھی ہے۔ عوامی سرمائے کی چوری انتہا پر ہے اور عوام کو خدمات کی فراہمی صفر ہے۔ حکومت کی چوری، نااہلی اور بدانتظامی کی سزا عوام کو مل رہی ہے جو افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی میاں محمد شہباز شریف 22 جون بروز منگل صبح 10بجے ایف آئی اے کے دفتر ریگل میں پیش ہوں گے۔ مسلم لیگ کے تمام عہدیداران و کارکنان کو اظہار یکجہتی کے لیے ایف آئی اے کے دفتر ریگل چوک نزد مسجد شہداء پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مزیدخبریں