صوبے  کے حصول کیلئے عوام جاگیں ورنہ کچھ نہیں ملے گا: جمشید دستی

Jun 21, 2021

ملتان (سپیشل رپورٹر)  عوامی راج پارٹی کے سربراہ جمشید احمد دستی نے کہا ہے کہ الگ صوبہ کے قیام کے لئے خطہ کے عوام کو جاگنا ہو گا ورنہ کچھ نہیں ملے گا خطہ کے مسائل کے سب سے زیادہ ذمہ دار ایوانوں میں بیٹھے خطہ کے نااہل کرپٹ جاگیردار، وڈیرے ،سرمایہ دار اور ساہوکار ہیں جنہوںنے اپنی کوٹھیاں اسلام آباد، لاہور بنالیں لیکن اپنے آباؤ اجداد کے علاقہ کی ترقی و خوشحالی کے لئے کچھ نہیں کیا ملتان میں جلد پارٹی کے دفترکا افتتاح کروں گا  ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے میاں اظفر علی سمرا المعروف چھوٹا دستی کو عوامی راج پارٹی کا ممبر سی ای سی مقرر کئے جانے کے نوٹیفکیشن دیئے جانے پر کیا اس موقع پر پارٹی رہنما لال شاہ بھی موجود تھے جمشید دستی نے مزید کہا کہ گذشتہ 73سالوں سے جس طرح ملتان سمیت جنوبی پنجاب کی کروڑوں عوام کے ساتھ جو ظلم و ستم کیا گیا اس کا تسلسل آج بھی جاری ہے۔ غریبوں کے حقوق کی آواز بلند کرنے پر مجھ پر جھوٹے مقدمات بنالئے جاتے ہیں لیکن میں ایک غریب ہاری کا بیٹا ہوں گھبرانے والا نہیں لیکن خطہ کے عوام کو چاہیئے کہ وہ اپنے حقوق اور آنے والی نسلوں کی بہتری کے لئے جاگیں اظفر سمرا پارٹی کے ہر دلعزیز شخصیت ہیں جو متحرک کارکن ہیں ایسے کارکنوں کو اب اپنی ذمہ داری بھرپور انداز میں ادا کرنا ہو گی تاکہ آنے والی نسلیں خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوں انہوں نے کہا کہ کرپٹ افسران کی نااہلی کی وجہ سے ملتان سمیت جنو بی پنجاب کے اربوں روپے کے فنڈز لیپس ہو جاتے  ہیں۔

مزیدخبریں