ڈائریکٹ کیش سبسڈی کیلئے کسان کارڈ کی رجسٹریشن جاری ہے،محکمہ زراعت

Jun 21, 2021

راولپنڈی (سٹی رپورٹر )محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان کے مطابق کاشتکاروں کوڈائریکٹ کیش سبسڈی پہنچانے کے لئے کسان کارڈ کی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔ کسان کارڈ کے ذریعے کاشتکار کھاد اور بیج رعایتی قیمت پر حاصل کر سکیں گے اور کسان کارڈکو اے ٹی ایم پر استعمال کر کے کسان فوری کیش حاصل کر سکے گا۔کسان کارڈ کے ذریعے 10 لاکھ سے زیادہ رجسٹرڈ کاشتکاروں کو سالانہ اربوں روپے کی سبسڈی شفاف انداز میں پہنچائی جا سکے گی۔ کسان کارڈ کے تحت کاشتکار فصل بیمہ تکافل، ای کریڈٹ اور زرعی مداخل کی تمام سبسڈی حاصل کرسکیں گے اور کارڈ کو بطور اے ٹی ایم کارڈ استعمال کرتے ہوئے سبسڈی کی رقم کو فوری وصول کر کے بروقت زرعی مداخل کی خرید کربروقت امور کاشتکاری اور تحفظِ نباتات کو یقینی بنا سکیں گے جس سے فی ایکڑ زرعی پیداوار میں اضافہ اور پیداواری اہداف کا حصول ممکن ہوگا۔ کاشتکاروں کی کسا ن کارڈ کیلئے رجسٹریشن کی خاطر محکمہ زراعت، پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی، پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ، نادرا اور برانچ لیس بینکنگ آپریٹرز ایک مربوط نظا م کے تحت مل کر کام کررہے ہیں۔

مزیدخبریں