جہلم، آئمہ جٹاں میں 36 گھنٹوں کے بعد ٹرانسفارمر کی مرمت 

جہلم(نامہ نگار)جہلم کے علاقہ آئمہ جٹاں میں 36 گھنٹوں کے بعد مرمت ہونے والا ٹرانسفارمرنصب کرنے پر علاقہ مکینوں نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا اور ٹرانسفارمر سمیت واپڈا ملازمین پر نوٹ نچھاور کیئے۔ علاقہ مکین خوشی سے پھولے نہیں سما رہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق جہلم اربن سب ڈویژن کے علاقہ آئمہ جٹاں میں 2 روز قبل ٹرانسفارمر خراب ہونے کے باعث واپڈا ملازمین نے مرمت کی غرض سے اتار لیا تھا 2 دن کا وقت گزرنے کے بعد بلاآخر واپڈا ملازمین مرمت شدہ ٹرانسفارمر کو نصب کرنے کی غرض سے گائوں میں لائے تو علاقہ مکینوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے ہوئے واپڈا ملازمین سمیت ٹرانسفارمر کا پرتپاک استقبال کیا، ملازمین اور ٹرانسفارمر پر نوٹ نچھاور کئے ، نوجوان ٹرانسفارمر اور واپڈا ملازمین پر نوٹ نچھاور کرنے کی موبائل فونز پر ویڈیو بناتے رہے ۔علاقہ مکینوں کا ٹرانسفامر کا دلہن کی طرح استقبال کرنے پر کہنا تھا کہ دو دن سے بجلی منقطع تھی اور گرمی اپنے پورے جوبن پر ہے ایسے میں ٹرانسفارمر کی تبدیلی اور بجلی بحالی سے بڑھ کر کوئی خوشی نہیں۔

ای پیپر دی نیشن