ملتان (سپورٹس ڈیسک)اسلام آباد یونائیٹڈ میں شامل پاکستان ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کے فاسٹ بولر محمد وسیم جونئیر نے کہا ہے کہ کراچی میں ہونے والے میچز میں نروس تھا، دورہ جنوبی افریقہ میں بولنگ کوچ وقار یونس نے بہت کام کیا۔ ایک انٹرویومیں محمد وسیم جونئیر نے کہا کہ وقار یونس کی ٹریننگ کے مطابق کھیل کر رہا ہوں اور اچھا پرفارم کر کے انجوائے کر رہا ہوں ،ا بین اسٹوکس کی طرح آل رائونڈر بننا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پاور پلے اور ڈیتھ اوورز میں پلان کیساتھ بولنگ کی کوشش کرتا ہوں، وقار یونس نے ڈیتھ اوورز میں ریورس سوئنگ یارکرز اور باونسرز کا بتایا ہے۔محمد وسیم جونئیر نے کہاکہ بابر اعظم کو دو مرتبہ آئوٹ کرنے کی کوشش کی تاہم آئوٹ نہیں کر سکا، بابر اعظم میرا ڈریم وکٹ ہے، بابر کو آئوٹ کروں گا۔وسیم جونئیر نے بتایا کہ شمالی وزیرستان میں صرف ٹیپ بال کی گرائونڈ تھی اس لئے پشاور آکر کھیلنا شروع کیا۔