سرمایہ کاروں کو ترغیب، فیشن انڈسٹری ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا استعمال کرے،کاشف اشفاق

Jun 21, 2022

لاہور(کامرس رپورٹر )پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے فیشن انڈسٹری پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کیلئے جدید ترین ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کا استعمال کیا جائے۔ گزشتہ روز نورین عاصم سیال کی قیادت میں سکول آف کمیونیکیشن سٹڈیز پنجاب یونیورسٹی کے طلبہ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لباس اور طرز زندگی کے دیگر لوازمات کی تخلیق بھی آرٹ بن چکی اور جدید ٹیکنالوجی فیشن انڈسٹری کو نئی شکل دے رہی ہے جس میں بہت سی چھوٹی اور مخصوص صنعتیں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ پانچویں صنعتی انقلاب کا دور اور فیشن بڑے پیمانے پر کسٹمائزیشن پر منتقل ہو رہا ہے جس میں مقامی اور عالمی منڈیوں کے صارفین کی طلب کو پورا کرنے کیلئے جدید ڈیجیٹل اور روبوٹک ٹیکنالوجیز کا استعمال کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چوتھے صنعتی انقلاب کے بعد فیشن انڈسٹری دستکاری سے طاقتور صنعت میں تبدیل ہو چکی ہے۔ میاں کاشف نے کہا کہ اب نئی ٹیکنالوجیز اور مشینری کے استعمال نے فیشن کے سامان کی سپلائی چین اور پیداوار کو بڑے پیمانے بڑھانا ممکن بنا دیا ، جس کی وجہ سے یہ انڈسٹری پروان چڑھ رہی ہے۔  

مزیدخبریں