ہائی نون لیبارٹریز : منافع 534 ملین روپے تک بڑھ گیا

اسلام آباد (اے پی پی)رواں سال کی پہلی  سہ ماہی میں ہائی نون لیبارٹریز لمیٹڈ کی بعد از ٹیکس آمدن میں 31 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ کمپنی کے مالیاتی اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ سال جنوری تامارچ کے دوران ہائی نون کو 409 ملین روپے کا خالص منافع حاصل ہوا تھا۔ تاہم رواں سال جنوری تامارچ کیلئے کمپنی کا بعد از ٹیکس نفع 534 ملین روپے تک بڑھ گیا ۔ اس طرح 2021ء کے مقابلہ میں 2022 ء کی پہلی سہ ماہی کے دوران ہائی نون لیبارٹریز  لمیٹڈ کی بعد از ٹیکس آمدنی میں 125 ملین روپے یعنی30.56 فیصد کااضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔ واضح رہے کہ کمپنی کے خالص منافع میں اضافہ کے نتیجہ میں  اس عرصہ کیلئے ہائی نون کی فی حصص آمدن بھی گزشتہ سال کی پہلی سہ ماہی کی 10.74 روپے فی حصص آمدن کے مقابلہ میں جنوری تامارچ 2022 کیلئے 14.02 روپے فی حصص  منافع تک بڑھ گئی ۔ رپورٹ کے مطابق  اس عرصہ کے دوران ہائی نون کے عمومی منافع میں 23.43 فیصد جبکہ قبل از ٹیکس آمدن میں 29.95 فیصد اضافہ ریکارڈ کیاگیاہے۔

ای پیپر دی نیشن